ترکی میں درمیانی شدت کا زلزلہ: 3 زخمی

   

انقرہ۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چہارشنبہ کو ترکی کے جنوب مغربی علاقہ میں زلزلے کے درمیانی شدت کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ریختر پیما پر اس کی شدت 5.5 نوٹ کی گئی۔ ترک حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے تین افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ کسی کے ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ دوسری طرف سرکاری ڈیساسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ پریسڈینسی نے بتایا کہ زلزلہ کا مرکز اکی پایم مستقر میں تھا جو صوبہ ڈنیزیلی میں واقع ہے۔ زلزلے کے جھٹکے پڑوسی صوبوں میں بھی محسوس کئے گئے۔ صوبہ کے گورنر حسن کرہان کے مطابق جھٹکوں میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک پراینٹوں کا ڈھیر گرپڑا اور دیگر دو بالکنی سے چھلانگ لگانے کی کوشش میں زخمی ہوئے۔

ٹیکساس کیمیکل فیکٹری کی آگ پر
ہنوز قابو نہیں پایا گیا
ہوسٹن۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی آتش فرو عملہ اب بھی یہاں ایک کیمیکل پلانٹ میں لگی مہیب آگ بجھانے میں مصروف ہے۔ یہ آگ اتوار کے روز انٹرکانٹیننٹل ٹرمنلس کمپنی میں لگی تھی جو ڈیر پارک میں واقع ہے جو ہوسٹن سے 24 کیلو میٹر جنوب مشرق میں واقع ہے اور اس کے بعد سے اب تک بجھائی نہیں جاسکی ہے۔ آس پاس کے کئی اسکولس اور تجارتی اداروں کو بند کردیا گیا ہے اور مکانات میں رہنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے مکانات سے باہر نہ نکلیں۔