اگرتلہ: تریپورہ حکومت نے آئندہ انتخابات سے قبل منگل کو 1.94 لاکھ سے زیادہ سرکاری ملازمین، پنشنروں اور کنٹریکٹ و یومیہ اجرت والے ملازمین سمیت ان کے خاندانوں کو دسمبر سے نافذالعمل12 فیصد مہنگائی الاؤنس (ڈی اے ) اور مہنگائی ریلیف (ڈی آر) کا اعلان کیا ہے ۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے کہا کہ ملازمین کو نئے سال کے تحفے کے طور پر یکم جنوری سے نظر ثانی شدہ تنخواہ ملے گی، جس کے لیے تریپورہ حکومت ماہانہ 120 کروڑ روپے اور سالانہ 1440 کروڑ روپے برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے چھ ماہ کے اندر، بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے یکم اکتوبر 2018 کو 7ویں سنٹرل پے میٹرکس کی بنیاد پر سرکاری ملازمین کے پے اسکیلز پر نظرثانی کی تھی، لیکن کووڈ-19 وباکی وجہ سے ہونے والی مالی مشکلات کے باوجود، ریاستی حکومت نے یکم جولائی 2022 کو ملازمین اور پنشنرز کے لیے آٹھ فیصد تک ڈی اے ، ڈی آر جاری کیا۔ ڈاکٹر ساہا نے کہا کہ 12 فیصد ڈی اے ، ڈی آر جاری کرنے کے بعد ریاست اور مرکزی حکومت کے درمیان ملازمین کے فوائد میں فرق کم ہو کر صرف 14 فیصد رہ گیا ہے ، جو آہستہ آہستہ کم ہو کر صفر ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت حکومت ہمیشہ سماج کے ہر طبقے کی فلاح و بہبود کے بارے میں سوچتی ہے اور یہ مانتی ہے کہ ملازمین کسی بھی حکومت کے انجن ہوتے ہیں اور جب تک وہ آرام دہ اور خوشی محسوس نہیں کریں گے ترقی نہیں ہو سکتی۔
نائب وزیر اعلیٰ دیو ورما نے کہا کہ ریاستی حکومت کے اس اقدام سے کل 1,04,600 ریگولر ملازمین اور تقریباً 80,800 پنشنرز و ان کے کنبہ کے افراد کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں یومیہ اجرت والے اور کنٹراکٹ ورکرس بھی مستفید ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ تریپورہ میں کم از کم سطح کے کارکنوں کو تقریباً 6000 سے 12000 روپے ماہانہ ملیں گے ، جو ریاست کی معیشت میں حصہ ڈالیں گے ۔