تعمیراتی اشیاء کی بڑھتی قیمتوں سے تعمیری خرچ میں اضافہ

   

جے ایل ایل کی رپورٹ کے مطابق لیبر کی اجرت میں بھی 10 تا 15 فیصد کا اضافہ

حیدرآباد ۔ 15 جنوری (سیاست نیوز) تعمیراتی اشیاء کی قیمتوں میں ہوئے بے تحاشہ اضافہ کے نتیجہ میں شہر میں تعمیرات کیلئے اخراجات میں کافی اضافہ ہوگیا ہے۔ جے ایل ایل کی رپورٹ کے مطابق اسٹیل کی قیمت میں 45 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس کی قیمت جو سال 2020ء کے پہلے سہ ماہی میں 45 ہزار روپئے فی میٹرک ٹن تھی، 2021ء کے چوتھے سہ ماہی میں 62,300 روپئے فی میٹرک ٹن ہوگئی۔ اسٹیل کی قیمت میں کوویڈ۔19 وبا کے بعد کافی اضافہ ہورہا ہے۔ اسی طرح سمنٹ کی قیمت میں 2020ء کے پہلے سہ ماہی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس میں 38 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں دیگر تعمیراتی اشیاء جیسے کانکریٹ اور سمنٹ بلاکس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گذشتہ دو سال میں سمنٹ کی قیمت میں 2000 روپئے فی ٹن تک اضافہ ہوا یعنی 5,120 روپئے سے 7,130 روپئے فی ٹن تک المونیم کی قیمت میں 2020 کے پہلے سہ ماہی سے 58 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس میں آئندہ مزید اضافہ کا امکان ہے کیونکہ سپلائی مانگ سے کم ہونے کا امکان ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا کہ لیبر کی اجرت میں بھی 10 تا 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ نیز لیبر کی قلت بھی ہوگئی ہے جس کی وجہ کنٹراکٹرس کام کی تکمیل کیلئے انہیں زیادہ اجرت ادا کرنے پر مجبور ہیں۔