تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے مخدوم ایوارڈ اور کارنامہ حیات ایوارڈس کا اعلان

   

اتوار کو رویندرا بھارتی میں ایوارڈ تقریب، صدر اکیڈیمی مجیب الدین کا بیان
حیدرآباد ۔9 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے اردو ادیبوں ، اسکالرس ، شعراء اور صحافیوں کے زمرہ جات میں مخدوم ایوارڈ اور کارنامہ حیات ایوارڈس کا اعلان کیا ہے۔ صدر اردو اکیڈیمی محمد خواجہ مجیب الدین کے بموجب یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے ضمن میں 11 جون کو رویندرا بھارتی میں ایوارڈ تقریب اور مشاعرہ منعقد ہوگا۔ 2019 تا 2023 ء 5 برسوں کے لئے مختلف زمرہ جات میں مخدوم ایوارڈ کا اعلان کیا گیا جبکہ 2018 تا 2020 تین سال کے لئے کارنامہ حیات کے تحت 21 ایوارڈس دیئے جائیں گے۔ صدر اردو اکیڈیمی نے کہا کہ اردو زبان و ادب کے ماہرین پر مشتمل دو علحدہ کمیٹیوں نے ایوارڈ یافتگان کے ناموں کا انتخاب کیا ہے ۔ اردو اکیڈیمی کی جانب سے کارنامہ حیات کے تحت ہر سال 7 ایوارڈس دیئے جاتے ہیں جو شاعری میں امجد حیدرآبادی اور سعید شہیدی ایوارڈ ، تنقید و تحقیق میں ڈاکٹر محی الدین قادری زور، نثر میں ڈاکٹر آغا حیدر حسن ایوارڈ ، تعلیم و تدریس میں پروفیسر حبیب الرحمن ایوارڈ ، صحافت میں محبوب حسین جگر ایوارڈ اور فروغ اردو میں سرینواس لاہوٹی ایوارڈ شامل ہے۔ مخدوم ایوارڈ کے تحت ہر سال تحقیق و تنقید ، شاعری ، فکشن ، صحافت اور طنز و مزاح کے کسی ایک زمرہ میں ایک ایوارڈ دیا جاتا ہے ۔ پانچ برسوں کے ایوارڈس میں ڈاکٹر عقیل ہاشمی 2019 تحقیق و تنقید ، جناب جلال عارف 2020 شاعری ، جناب مظہرالزماں خاں 2021 فکشن، جناب عزیز احمد 2022 ء صحافت اور پروفیسر حبیب ضیاء 2023 طنز و مزاح شامل ہیں۔ کارنامہ حیات کے تحت تین سال کے ہر سال 7 ایوارڈ کے حساب سے 21 ایوارڈس کا اعلان کیا گیا ۔ 2018 ء کے ایوارڈس میں امجد حیدرآبادی ایوارڈ برائے شاعری قاضی فاروق عارفی ، سعید شہیدی ایوارڈ شاعری ڈاکٹر رحیم رامیش، آغا حیدر حسن فکشن محترمہ خیرالنساء علیم، ڈاکٹر محی الدین قادری زور تحقیق و تنقید ڈاکٹر فضل اللہ مکرم ، پروفیسر حبیب الرحمن ایوارڈ تعلیم و تدریس محمد مستان علی ، محبوب حسین جگر ایوارڈ برائے صحافت ڈاکٹر فاضل حسین پرویز ، سرینواس لاہوٹی ایوارڈ جناب باقر مرزا شامل ہیں۔ 2019 ء کے ایوارڈس میں جناب سمیع الدین سمیع ، سید یوسف روش ، محمد مجیب احمد ، اسلم عمادی ، محمد انورالدین ، محمد طاہر رومانی اور ڈاکٹر عابد معز شامل ہیں۔ 2020 ء کے ایوارڈس میں ڈاکٹر راہی ، چچا پالموری ، رحیم انور ، ڈاکٹر عبدالقدیر مقدر، سید رؤف ریحان ، محمد فہیم الدین اور اشفاق راشد شامل ہیں۔ مخدوم ایوارڈ فی کس دو لاکھ روپئے ، مومنٹو اور توصیف نامہ پر مشتمل ہے جبکہ کارنامہ حیات ایوارڈ فی کس 50 ہزار روپئے مومنٹو اور توصیف نامہ پر مشتمل ہے۔ ایوارڈ تقریب 11 جون کو 10 بجے دن رویندرا بھارتی میں منعقد ہوگی، جس میں ریاستی وزراء کے ایشور ، محمد محمود علی ، سرینوس یادو اور دوسرے شرکت کریں گے۔ر