تلنگانہ اسمبلی اجلاس کی جھلکیاں

   

حیدرآباد ۔ 17 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آنے کے بعد دوسری مرتبہ تشکیل پائی تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کا آج سے آغاز ہوا ۔۔
l تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی کے عبوری اسپیکر جناب محمد ممتاز احمد خاں اپنی روایتی انداز کی شیروانی زیب تن کئے ہوئے تھے ۔ ٹھیک ساڑھے گیارہ بجے ایوان میں کرسی صدارت پر فائز ہوئے ۔۔
l اسمبلی اجلاس کا قومی ترانہ سے آغاز ہوا ۔۔
l تلنگانہ ریاستی قانون ساز اسمبلی کے آج سے شروع ہوئے اجلاس کے موقعہ پر سب سے پہلے ایوان میں رکن اسمبلی تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر گنگولہ پربھاکر ٹھیک 11 بجکر 9 منٹ پر داخل ہوئے ۔ ان کے فوری بعد ٹی آر ایس ارکان پدما راؤ گوڑ ، ای راجندر ، ٹی ہریش راؤ وغیرہ ایوان میں داخل ہوئے ۔
l تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے تمام ارکان اسمبلی گلابی کھنڈوے اور کانگریس ارکان اسمبلی اپنی پارٹی کے کھنڈوے ڈالے ہوئے تھے ۔
l چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی ٹھیک 11 بجکر 25 منٹ پر ایوان میں داخل ہوئے اور پھر فوری بعد کانگریس ارکان اسمبلی بھی ایوان میں داخل ہوئے ۔
l ارکان اسمبلی مجلس مسرس احمد پاشاہ قادری ، کوثر محی الدین ، اور محمد معظم خاں نے اردو زبان میں اللہ کے نام پر حلف لیا ۔ جب کہ ایک اور رکن اسمبلی مجلس حلقہ ملک پیٹ مسٹر احمد بن عبداللہ بلعلہ اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے واحد مسلم رکن اسمبلی مسٹر محمد عامر شکیل نے انگریزی زبان میں حلف لیا ۔
l تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے حلقہ اسمبلی راجندر نگر کی نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی مسٹر ٹی پرکاش گوڑ انہیں فراہم کردہ تحریری حلف نامہ مناسب انداز میں پڑھ نہیں پا رہے تھے ۔
l ریاستی قانون ساز اسمبلی کی روایت کے مطابق اسپیکر اسمبلی اپنے چیمبر سے ایوان میں دائیں طرف سے داخل ہو کر کرسی صدارت پر فائز ہونے کے بعد ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے پر بائیں طرف سے اپنے چیمبر میں واپس لوٹے ہیں لیکن آج عبوری اسپیکر اسمبلی نے دائیں طرف سے ایوان میں داخل ہو کر ایوان کی کارروائی ملتوی کرنے کے بعد دوبارہ دائیں جانب سے ہی چیمبر میں واپس ہوئے ۔۔