تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں تلگودیشم اور کانگریس انتخابی مفاہمت کا ادعا

   

اے پی انتخابات میں دونوں پارٹیوں کی مفاہمت ضروری نہیں : رگھوویرا ریڈی
حیدرآباد /24 فروری ( سیاست نیوز ) صدر آندھراپردیش کانگریس کمیٹی مسٹر این رگھوویرا ریڈی نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کے ساتھ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے انتخابی مفاہمت کی تھی ۔ لیکن ریاست آندھراپردیش میں آئندہ دنوں کے دوران منعقد ہونے والے اسمبلی و پارلیمانی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو تلگودیشم پارٹی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کرنا ضروری نہیں ہے ۔ آج نیلور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر رگھو ویرا ریڈی نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان کی ہدایت کے مطابق ہی ریاست آندھراپردیش میں کانگریس پارٹی اپنی حکمت عملی مرتب کرے گی ۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے سے متعلق منظم کردہ ’’ بھروسہ بس یاترا ‘‘ کو نیلور میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین و کارکنوں کی جانب سے روک دینے اور ہنگامہ آرائی کرنے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی کی بھروسہ بس یاترا کو روک کر وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین و کارکن نے بہت بڑا جرم کیا ہے ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ آیا وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ آندھرا پردیش کے موقع پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین نے انہیں کیوں نہیں روکا تھا ۔ صدر آندھراپردیش کانگریس کمیٹی مسٹر این رگھو ویرا ریڈی نے کہا کہ آئندہ ماہ 8 اور 9 مارچ کو ا نتخابات کے سلسلہ میں کانگریس پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا ۔