تلنگانہ اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ کیلئے ملتوی

   

حیدرآباد۔ 20 جنوری (آئی این این) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا پہلا چار روزہ اجلاس آج اختتام کو پہونچا۔ اسپیکر پی سرینواس ریڈی نے مقننہ کے مشترکہ اجلاس سے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے خطبہ اور تحریک تشکر پر بحث کے جواب کے بعد ریاستی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں آج دن میں گورنر کے خطبہ اور تحریک تشکر پر بحث دوبارہ شروع ہوئی تھی، اس وقت کرسی صدارت پر سرینواس ریڈی فائز تھے۔ حکمراں اور اپوزیشن ارکان نے ہفتہ اور اتوار کو بحث میں حصہ لیا۔ قائد ایوان و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف مسائل کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اپنے تمام وعدوں کی تکمیل کرے گی۔ بعدازاں اسپیکر نے غیرمعینہ مدت کیلئے اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

کے سی آر کے یگنہ کا آج آغاز
حیدرآباد۔ 20 جنوری (آئی این این) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ضلع میدک کے ایراویلی گاؤں میں پیر سے ’’مہا چنڈی یگنہ‘‘ شروع کریں گے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ یگنہ 11 بجے دن شروع ہوگا ۔