چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج سے ملاقات، ووٹر لسٹ کی تیاری ‘ووٹنگ مشینوں کی جانچ کا جائزہ
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں 2023 اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر نتیش ویاس کی قیادت میں تین سینئر عہدیداروں کی ٹیم انتظامات کا جائزہ لینے حیدرآباد پہنچی۔ کمیشن عہدیداروں نے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج اور دیگر سے ملاقات کی۔ اجلاس میں نتیش ویاس نے فہرست رائے دہندگان کو اَپ ڈیٹ کرنے کے علاوہ ووٹرس کے ناموں کی شمولیت و اخراج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ووٹر لسٹ پر نظر رکھیں اور نقائص سے پاک فہرست کی تیاری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے چیف الیکٹورل آفیسر کو ہدایت دی کہ ریاست بھر کیلئے ریٹرننگ آفیسرس کی فہرست تیار کریں۔ الیکشن کمیشن عہدیداروں کی ٹیم نے ریاستی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یکم جون سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی جانچ کے پہلے مرحلہ کا آغاز کریں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کیلئے دو روزہ ورکشاپ کے انعقاد کی ہدایت دی گئی جس کا اہتمام الیکشن کمیشن کریگا۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے بتایا کہ الیکٹرانک کارپوریشن آف انڈیا (ECIL) کی جانب سے سربراہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو جانچ کے بعد اضلاع میں رکھا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے انتخابی ذمہ داری سنبھالنے والے ہر سطح کے عہدیداروں کیلئے ٹریننگ پروگرام کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رائے دہی میں زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنایا جائے اور رائے دہی کے فیصد میں اضافہ ہو۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری الیکشن کمیشن آف انڈیا اویناش کمار، انڈر سکریٹری الیکشن کمیشن آف انڈیا سنجے کمار، جائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر روی کرن اور ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسر ستیہ وانی نے شرکت کی۔ر