امیت شاہ سے کشن ریڈی کی ملاقات،نقصانات کے بارے میں ریاستی رپورٹ کا انتظار
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آندھراپردیش اور تلنگانہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے مرکز کی جانب سے ہر ممکن امداد کا تیقن دیا ہے۔ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کی اور تلگو ریاستوں میں سیلاب کی تباہی اور عوام کو درپیش مشکلات سے واقف کرایا۔ امیت شاہ نے وزارت داخلہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں کے لئے ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔ تلنگانہ میں راحت اور بچاؤ کاموں کیلئے این ڈی آر ایف کی 15 ٹیمیں روانہ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کو آفات سماوی ریلیف فنڈ کے تحت فنڈس کی اجرائی کیلئے حکومت کی جانب سے تاحال نمائندگی وصول نہیں ہوئی ہے۔ تلنگانہ کی درخواست ملنے کے بعد امدادی رقم کی پہلی قسط جاری کی جائے گی۔ سیلاب کے نقصانات کی تفصیلات کے ساتھ تلنگانہ حکومت کو چاہئے کہ وہ مرکز کو رپورٹ روانہ کرے۔ نقصانات کا تخمینہ کرنے کے بعد مرکزی حکومت اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ کے تحت رقومات جاری کرتی ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ ریاست کی نمائندگی کے بعد فوری طور پر امداد جاری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش کے لئے امدادی رقم کی پہلی قسط جاری کی جاچکی ہے۔ آندھراپردیش حکومت کی درخواست پر دو اقساط میں فنڈس جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو ریاستوں کی جانب سے نقصانات کے بارے میں رپورٹ ملنے کے بعد مرکزی حکومت کی ٹیموں کو صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے روانہ کیا جائے گا۔ ر