تلنگانہ اور کرناٹک ماڈل کی بنیاد پر کانگریس کا انتخابی منشور

   

دونوں ریاستوں کی پانچ اہم اسکیمات کا عوام سے وعدہ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے لوک سبھا انتخابات کیلئے تلنگانہ اور کرناٹک ماڈل کو اختیار کرتے ہوئے ملک گیر سطح پر عوام کیلئے پانچ ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے ۔ دونوں ریاستوں میں جن اسکیمات پر کامیابی سے عمل آوری کا آغاز کیا گیا ، انہیں کانگریس کے مرکزی انتخابی منشور میں شامل کیا گیا ہے۔ انصاف پر مبنی پانچ ضمانتوں کے ذریعہ کانگریس پارٹی خواتین ، کسانوں اور نوجوانوں کے ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس نے جن 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کیا تھا ، ان میں سے 5 ضمانتوں پر عمل شروع ہوچکا ہے ۔ کانگریس ہائی کمان کو یقین ہے کہ تلنگانہ اور کرناٹک میں عمل کی جارہی اسکیمات ملک بھر میں مقبولیت حاصل کرچکی ہیں اور عوام کانگریس کے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے آشیرواد دیں گے۔ کانگریس ہائی کمان نے دونوں زیر اقتدار ریاستوں کی اسکیمات کا جائزہ لیتے ہوئے لوک سبھا چناؤ کا منشور تیار کیا ہے ۔ تلنگانہ میں جن ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوا ، ان میں خواتین کو آر ٹی سی سفر کی سہولت ، آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج ، مستحق خاندانوںکو 500 روپئے میں گیس سلینڈر کی سربراہی ، غریب خاندانوں کو 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہی اور بے گھر خاندانوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ امداد شامل ہیں۔ متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس حکومت نے ایس سی ، ایس ٹی سب پلان پر عمل کیا تھا اور ریونت ریڈی حکومت نے سب پلان اسکیم کو واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کسانوں کو قرض کی معافی ، پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت ، ایک سال میں دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات اور ضمانت روزگار اسکیم کے تحت مزدوروں کو سال میں کم از کم 400 دن روزگار فراہم کرنے جیسے وعدے کئے گئے ہیں۔ 1