تلنگانہ ایکسپریس ٹرین سے جموں و کشمیر کا سی آر پی ایف جوان غائب

   

جوان کی سکندرآباد منتقلی کے دوران پر اسرار واقعہ ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد /22 فروری ( سیاست نیوز ) جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والا سی آر پی ایف جوان تلنگانہ اکسپریس ٹرین سے پراسرارطور پر لاپتہ ہوگیا ۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس سکندرآباد کے بموجب 40 سالہ سلدیپ کمار جس کا تعلق جموں و کشمیر کے ضلع سانبا سے ہے اور وہ سی آر پی ایف کے بٹالین 181 میں تعینات ہیں ۔ سلدیپ کمار اور دیگر کو سی آر پی ایف کی نئی بٹالین 246 جس کا قیام ضلع رنگاریڈی حالیہ دنوں میں لایا گیا میں شمولیت کیلئے کشمیر سے شہر لایا جارہا تھا ۔ سلدیپ کمار اور دیگر 13 ساتھی نئی دہلی سے 19 فروری کو تلنگانہ اکسپریس میں سوار ہوئے تھے اور ٹرین سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پہونچی جہاں پر سلدیپ کمار لاپتہ ہوگیا ۔ اس جوان کے دیگر ساتھیوں نے ٹرین میں اس کی تلاش کی لیکن وہ ناکام رہے ۔ سی آر پی ایف کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر ارجن دوبے نے ریلوے پولیس سکندرآباد سے شکایت درج کروائی جس کے نتیجہ میں پولیس نے جوان کی تلاش کیلئے ریاست کے تمام ریلوے اسٹیشنس کو آگاہ کیا اور اسی طرح اتر پردیش ، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے حکام کو بھی لاپتہ سی آر پی ایف جوان کی تلاش کرنے کی درخواست کی گئی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔