ڈاکٹر کے پیشہ سے گورنر کے عہدہ کو ہمت ملی، انٹر نیشنل مدر ڈے تقاریب سے خطاب
حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ تلنگانہ ریاست ایک نو زائدہ بچہ کی طرح ہے اور میں ایک گائناکالوجسٹ کی حیثیت سے بچوں کے علاج سے بخوبی واقف ہوں۔ گورنر نے آج عالمی ’’ مدرڈے‘‘ کے موقع پر ایک خانگی ہاسپٹل کی جانب سے منعقدہ تقریب میں حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ تلنگانہ ایک نوزائدہ بچہ کی طرح نئی ریاست ہے۔ گورنر کی حیثیت سے انہیں مقرر کئے جانے کے بعد کئی افراد نے ان پر یہ کہتے ہوئے نکتہ چینی کی کہ ان میں گورنر کے عہدہ کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ کسی بھی تجربہ کے بغیر گورنر مقرر کئے جانے پر کافی تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک گائناکالوجسٹ ہیں اور بچوں کے علاج سے بخوبی واقف ہیں اور اس کا کافی تجربہ بھی ہے۔ گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر کے پیشہ سے جو جذبہ اور ہمت حاصل ہوئی اسی کی بنیاد پر وہ گورنر کی حیثیت سے فرائض انجام دینے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ انہوں نے بچوں کے علاج کے بارے میں ڈاکٹر کی حیثیت سے اپنے تجربات بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ ماؤں اور بچوں کیلئے علحدہ مرکز کا قیام خوش آئند ہے۔ نئی ریاست تلنگانہ کے گورنر کی حیثیت سے وہ بہتر طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس موقع پر گورنر نے مختلف خواتین اور ان کے بچوں سے ملاقات کی۔ بچوں کو گود میں لے کر گورنر نے محبت و شفقت کا مظاہرہ کیا۔ اسی دوران گورنر نے ورلڈ ریڈ کراس ڈے کے موقع پر تلنگانہ میں ریڈ کراس والینٹرس اور ریڈ کراس سوسائٹی کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر ریڈ کراس کی سرگرمیوں کی ستائش کی۔ خاص طور پر بلڈ ڈونیشن اور میڈیکل کیمپس کے انعقاد کو سراہا۔ر