حیدرآباد26 نومبر(یواین آئی) تلنگانہ بھر میں آج یوم آئین منایا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر ملک کے آئین سازوں کی خدمات کو یاد کرنے کے لیے خصوصی پروگرام اور جلسوں کا اہتمام کیاگیا۔گورنر ڈاکٹر ٹی سوندراراجن نے اس خصوص میں اپنے پیام میں کہا کہ ہمارا ملک آئین میں درج نظریات کی وجہ سے آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے ساتھ ایک جمہوری ملک کے طور پر ترقی کر رہا ہے ۔ انہوں نے سب سے ایک جامع اور خود انحصار ملک کے لیے دوبارہ منظم ہونے کی اپیل کی۔ یوم دستور کے موقع پر انہوں نے دستورسازوں کو خراج عقیدت پیش کیا اورکہاکہ ہر ایک کو حقوق کے ساتھ آئین میں دی گئی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں فراہم کردہ آزادی، مساوات اور بھائی چارے جیسے بنیادی عناصر کی وجہ سے ملک بدستور ایک مضبوط جمہوریت ہے ۔قبل ازیں ہائی کورٹ کے جج جسٹس ابھینند کمار شاوالی نے کہا کہ دستورنے ملک کو متحد کیا اور اسے دنیا کا ایک مضبوط اور جمہوری ملک بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو حقوق کے ساتھ ساتھ بنیادی ذمہ داریوں پر بھی توجہ دینی چاہیے ۔ریاستی انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین جسٹس چندرایا، کئی ججوں اور محکمہ انصاف کے سینئر افسران نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔یوم آئین کے موقع پر شہرحیدرآباد کے ٹینک بند میں واقع ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمہ پر عوامی نمائندوں، مختلف جماعتوں کے لیڈروں اور اعلیٰ عہدیداروں نے پھول نچھاور کئے اور ان کو بھرپورخراج پیش کیا۔