تلنگانہ جاگروتی دفتر سے غلاف مبارک کی اجمیر کو روانگی

   

نظام آباد۔15 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر دفتر تلنگانہ جاگروتی واقع بنجارہ ہلز سے درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی حسن سنجری رحمتہ اللہ علیہ اجمیر شریف کے لئے غلاف مبارک کی بصد عقیدت و احترام روانگی عمل میں آئی۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے غلاف مبارک پر عطر لگا کر اسے روانہ کیا اور اس روحانی اور بابرکت تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ تلنگانہ میں ہماری ایک نئی سیاسی جماعت کے قیام کا عمل جاری ہے اور اس کی کامیابی، استحکام اور عوامی خدمت کے مقصد کے لئے درگاہ اجمیر شریف میں دعا کی غرض سے غلاف مبارک روانہ کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر تلنگانہ جاگروتی کے اقلیتی قائدین اور دیگر ذمہ داران کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اس روحانی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے نئی سیاسی جماعت کی کامیابی کے لئے دعا کی۔