تلنگانہ جنا سمیتی پارٹی کا پارلیمنٹ کے چار حلقوں سے مقابلہ : کودنڈا رام

   

نظام آباد ، کریم نگر ، ملکاجگیری حلقوں پر فیصلہ ، مزید حلقوں کا عنقریب اعلان ، صدر سمیتی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ریاست کے مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ جنا سمیتی صرف چار حلقہ جات لوک سبھا سے انتخابی مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صدر سمیتی پروفیسر ایم کودنڈا رام نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سمیتی کے منعقدہ ایک اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام صدر سمیتی نے بتایا کہ حلقہ جات لوک سبھا نظام آباد ، کریم نگر ، ملکاجگیری کے علاوہ مزید ایک یا دو حلقہ جات لوک سبھا سے تلنگانہ جنا سمیتی انتخابی مقابلہ کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ جن حلقہ جات لوک سبھا سے سمیتی انتخابی مقابلہ کرنا چاہتی ہے ان حلقہ جات میں اگر کانگریس تلنگانہ جنا سمیتی امیدواروں کی تائید و حمایت کرنا چاہتی ہے تو ان حلقوں میں ٹی جے ایس کانگریس کی بھر پور تائید و حمایت حاصل کرے گی ۔ جب کہ ماباقی حلقہ جات لوک سبھا میں سمیتی کانگریس امیدواروں کی بھر پور مدد کرنے کے ساتھ مکمل تائید و حمایت ضرور کرے گی ۔ کودنڈا رام نے واضح طور پر کہا کہ لوک سبھا کے مجوزہ انتخابات میں تلنگانہ جنا سمیتی کسی بھی سیاسی جماعت سے انتخابی مفاہمت نہیں کرے گی بلکہ سمیتی کے انتخابی حلقوں کو چھوڑ کر دیگر تمام حلقہ جات لوک سبھا میں اپنی دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے کانگریس امیدواروں کی بھر پور تائید کرے گی ۔ صدر سمیتی نے مزید بتایا کہ وہ ٹی جے ایس کے انتخابی منشور کو قطعیت دے رہے ہیں اور بہت جلد وہ تلنگانہ جنا سمیتی کا انتخابی منشور جاری کریں گے ۔۔