ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور انجن کمار یادو کا خطاب، محمد اظہر الدین، پونم پربھاکر کی شرکت
حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ریاست کی کانگریس حکومت روایتی کھیلوں اور پہلوانوں کی سرپرستی کے لئے مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت اور نظم و ضبط کے لئے کشتی جیسے کھیلوں سے جڑے رہیں۔ حیدرآباد کے تاریخی ایل بی اسٹیڈیم میں جاری تلنگانہ کیسری ریسلنگ چمپئن شپ 2026 کا تیسرا دن انتہائی جوش و خروش کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔ سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے تقریب کی صدارت کی۔ دیگر مہمانوں میں ریاستی وزراء محمد اظہر الدین، پونم پربھاکر کے علاوہ کمشنر پولیس حیدرآباد سجنار، کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، حکومت کے مشیر برائے پروٹوکال، ایچ وینو گوپال، تلنگانہ یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری اروند کمار یادو کے علاوہ تلنگانہ کیسری کمیٹی کے اراکین کے رگھوگوڑ، جے پرساد اور آدتیہ یادو بھی موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اس چمپئن شپ نے ریاست تلنگانہ کی کشتی کی قدیم اور بھرپور روایت کو ایک نئے انداز میں اُجاگر کیا ہے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ کشتی مقابلوں کا انعقاد قدیم پہلوانی روایت کو عالمی سطح پر پہچان دلانا ہے۔ ان کی اس کاوش کو سیاسی اور سماجی حلقوں نے بڑے پیمانے پر سراہا جارہا ہے۔ یہ ایونٹ نہ صرف ایک مقابلہ تھا بلکہ تلنگانہ کی ثقافت اور پہلوانی ورثہ کا ایک جشن ثابت ہوا اس طرح کے مقابلوں سے مقامی اور روایتی کھیلوں کو نئی زندگی ملتی ہے۔ 2؍F