تلنگانہ سے کانگریس کی انتخابی مہم، جلسہ عام پر غور و خوض

   

ملکارجن کھرگے اور پرینکا گاندھی کی شرکت، دو اسکیمات پر عمل کا جائزہ
حیدرآباد۔/23 فبروری ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی مجوزہ لوک سبھا انتخابات کیلئے انتخابی مہم کا عنقریب آغاز کرے گی۔ توقع ہے کہ مہم 27 فبروری سے شروع ہوگی۔ ذرائع کے مطابق کانگریس پارٹی تلنگانہ ریاست کے کھمم یا نلگنڈہ ضلع سے مہم شروع کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ انتخابی مہم ایک بڑے جلسہ کے ساتھ ہوگی جس میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی صدر ملکارجن کھرگے اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جنرل سکریٹری شریمتی پرینکا گاندھی اور دیگر سرکردہ قائدین شرکت اور مخاطب کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس کی مجوزہ لوک سبھا انتخابی مہم کے آغاز کے موقع پر چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی مجوزہ دو اسکیمات جیسے گروہا جیوتی اور 500 روپئے میں پکوان گیاس سلینڈر کی سربراہی کی اسکیمات کا آغاز کریں گے۔ عوامی جلسہ 27 یا 29 فبروری کو منعقد کرنے سے متعلق پروگرام کو قطعیت دی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے کوڑنگل میں منعقدہ جلسہ عام میں آئندہ ہفتہ مذکورہ اسکیمات کو متعارف کروانے سے متعلق اشارہ دیا تھا۔