قاضی پیٹ میں خانگی اداروں کے اشتراک سے کوچ فیکٹری کی تجویز، حیدرآباد کا وجئے واڑہ بلٹ ٹرین کی ضرورت، لوک سبھا میں توجہ دہانی
حیدرآباد۔16۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے ریلوے بجٹ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی شکایت کرتے ہوئے آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کیا۔ لوک سبھا میں خصوصی تذکرہ کے تحت یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تنظیم جدید قانون 2014 ء میں قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا وعدہ کیا گیا۔ لوک سبھا میں اس بارے میں بارہا حکومت کی توجہ مبذول کرائی گئی۔ وزیراعظم اور وزیر ریلویز سے شخصی نمائندگی بھی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت جو وعدہ کیا گیا، اس پر عمل کرنا مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک میں ریلوے کوچیس میں اضافے کے مطالبہ کے پیش نظر قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ تیاری فیکٹری کے قیام سے محکمہ کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں روزگار کے زائد مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے اس وقت کی حکومت نے ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے وندے بھارت کے تحت ریلویز کو عصری بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اسی اسکیم کے تحت قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کا تیقن دیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کے لئے تیار نہیں ہے تو خانگی اداروں کے اشتراک سے فیکٹری قائم کی جاسکتی ہے۔ کئی خانگی ادارے اس بارے میں حکومت سے اشتراک کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم جدید قانون میں حیدرآباد اور وجئے واڑہ کے درمیان ریلوے اور روڈس راستوں کو مزید ترقی دینے کا وعدہ کیا گیا۔ سوریا پیٹ ، کوداڑ کے علاوہ حیدرآباد سے وجئے واڑہ جانے والی روٹ پر بلٹ ٹرین کے آغاز کی ضرورت ہے۔ احمد آباد اور ممبئی کے درمیان جس طرح بلٹ ٹرین کا آغاز کیا گیا، اسی طرح حیدرآباد سے وجئے واڑہ آغاز کی صورت میں زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے محض دو گھنٹے میں وجئے واڑہ تک سفر ممکن ہے۔ اتم کمار ریڈی نے نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ میں ریلوے سے متعلق امور پر حکومت کی توجہ مبذول کرائی ۔ انہوں نے ڈورناکل سے براہ کوداڑ ، حضور آباد نئی ریلوے لائین بچھانے کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے حیدرآباد کو بڑے شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حیدرآباد ہر اعتبار سے دن بہ دن ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ر