!تلنگانہ قانون سازی اسمبلی کا اجلاس بغیر اپوزیشن کے ہوگا

   

کانگریس سے منتخب مزید تین ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کروانے کی تیاری
حیدرآباد۔19اپریل(سیاست نیوز) آئندہ ماہ ہونے والے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بغیر قائداپوزیشن کے ہوگا !تلنگانہ راشٹر سمیتی نے کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے مزید 3ارکان اسمبلی کو تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شامل کروانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج سے قبل ہی مزید تین ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن قائد کا عہدہ باقی نہیں رہے گا اور ریاست تلنگانہ کی اسمبلی بھی دہلی کی طرح ہوجائے گی جہاں اپوزیشن کے نام پر برائے نام ارکان رہ جائیں گے ۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی تلنگانہ راشٹر سمیتی کی حکمت عملی و منصوبہ بندی کامیاب ہوتی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ 19 منتخبہ کانگریسی ارکان اسمبلی میں 10ارکان اسمبلی نے جو اب تک تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں کے علاوہ مزید 3ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کروایا جا رہاہے اور اگر یہ 3 ارکان اسمبلی تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کرلیتے ہیں تو ایسی صورت میں کانگریس مقننہ پارٹی کے یہ 13 ارکان اسمبلی ایوان میں قرار داد پیش کرتے ہوئے کانگریس مقننہ پارٹی کے ٹی آر ایس میں ضم کرنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کی اسمبلی میں مکمل کنٹرول کے حصول کیلئے کی جانے والی ٹی آر ایس کی اس کوشش کو بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوچکی ہے اور کہا جارہا ہے کہ کانگریس کے تین ارکان اسمبلی جو تلنگانہ راشٹر سمیتی سے رابطہ میں ہیں ان سے مذاکرات مکمل کرلئے گئے ہیں۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں جاری اپوزیشن ارکان اسمبلی کو برسراقتدار پارٹی میں شامل کروائے جانے کی مہم کو پارٹی سربراہ کی مکمل حمایت حاصل ہے اور کہا جار ہاہے کہ اس مقصد کے حصول کیلئے سربراہ ٹی آر ایس دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین بالخصوص اپنے حلیفوں کی مدد بھی حاصل کر رہے ہیں۔