تلنگانہ قانون ساز کونسل کی نشستوں کے لیے سرگرمیاں نئی دہلی منتقل

   

کئی دعویدار دہلی پہنچ گئے،2 نشستوں کیلئے 15 سے زائدقائدین، گورنر کوٹہ میں کودنڈا رام کا نام تقریباً طئے
حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں قانون ساز کونسل کی 2 نشستوں کیلئے کانگریس پارٹی کی سرگرمیاں نئی دہلی منتقل ہوچکی ہیں۔ دو ایم ایل سی نشستوںکیلئے تقریباً 15 سے زائد سینئر قائدین نے ریاستی اور ہائی کمان کی سطح پر اپنی دعویداری پیش کرنے کیلئے مساعی شروع کردی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے دو نشستوں کے چناؤ کا اعلامیہ 11 جنوری کو جاری کیا جائے گا اور پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 18 جنوری رہے گی۔ کانگریس ہائی کمان نے ابھی تک 2 نشستوں کے امیدواروں کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا ہے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے 15 جنوری سے بیرونی دورہ کے پیش نظر نشست کے دعویداروں کی بے چینی میں اضافہ ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر اور ہائی کمان نے اس مسئلہ پر تاحال کوئی مشاورت نہیں کی ہے اور چیف منسٹر کے بیرونی دورہ کے دوران ہی پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ رہے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی نے اپنے حالیہ دورہ کے موقع پر جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کے پاس ناموں کی فہرست پیش کی جن میں سے دو نشستوں کے امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ کونسل کی نشستوں کے زیادہ تر دعویداروں میں وہ سینئر قائدین ہیں جنہیں حالیہ اسمبلی چناؤ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایسے قائدین کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ہائی کمان شکست خوردہ قائدین کے حق میں دکھائی نہیں دیتا۔ ریونت ریڈی ایم ایل اے کوٹہ کی دونوں نشستوں پر جن قائدین کے نام پیش کررہے ہیں وہ اسمبلی چناؤ میں شکست کھاچکے ہیں۔ ایم ایل سی نشستوں کے اہم دعویداروں میں محمد علی شبیر، آر دامودر ریڈی، جگا ریڈی، انجن کمار یادو، مدھو یاشکی گوڑ، سمپت کمار، محمد اظہر الدین کے علاوہ مہیش کمار گوڑ، اے دیاکر جی چنا ریڈی، پی رمیش ریڈی، این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ اور یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی شامل ہیں۔ ریونت ریڈی نے پارٹی ہائی کمان سے خواہش کی ہے کہ کابینہ میں کم از کم دو وزراء کی شمولیت کی اجازت دی جائے تاکہ وہ مسلم نمائندگی کو پورا کرسکیں۔ لوک سبھا چناؤ میں اقلیتوں سے رجوع ہونے کیلئے کابینہ میں مسلم نمائندگی ضروری ہے۔ دوسری طرف گورنر کوٹہ کی دو نشستوں میں ایک نام پروفیسر کودنڈا رام کا تقریباً طئے مانا جارہا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کودنڈا رام کو گورنر کوٹہ کی ایم ایل سی نشست کا اعلان کیا۔ دوسری نشست کیلئے کئی غیر سیاسی افراد نے اپنی دعویداری پیش کی ہے جو اسمبلی چناؤ میں کانگریس کی تائید کرچکے ہیں۔ گورنر کوٹہ کی دونوں نشستوں کیلئے گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن کی منظوری اہمیت کی حامل ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں ڈاکٹر سوندرا راجن نے سابق کے سی آر حکومت کی جانب سے پیش کردہ ناموں کو دو مرتبہ مسترد کردیا تھا۔ ان حالات میں کانگریس پارٹی کو غیر سیاسی افراد کو نامزد کرنے کیلئے مجبور ہونا پڑے گا۔1