تلنگانہ مثالی ریاست کے طور پر اُبھر رہی ہے : سدرشن ریڈی

   

نظام آباد17 ؍ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یوم تلنگانہ عوامی حکمرانی دن کی تیسری سالانہ تقریب کے موقع پر سرکاری مشیر و بودھن رکن اسمبلی بودھن پی سدرشن ریڈی نے ضلع میں مختلف شعبہ جات کے تحت جاری فلاحی و ترقیاتی پروگراموں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے عوامی نمائندوں، ممتاز شخصیات، ضلعی عہدیداروں، صحافیوں، الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں، ضلع کے عوام اور تلنگانہ مسلح جدوجہد کے شہداء کے خاندانوں سے اظہار تشکر کیا۔ پی سدرشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ مسلح جدوجہد کے نتیجے میں ریاست میں جبری مشقت پر پابندیوں، مادری زبان کے دباؤ اور مذہبی آمرانہ رجحانات کا خاتمہ ہوا اور 17 ستمبر 1948 کو حیدرآباد ریاست شاہی نظام سے جمہوری نظام میں تبدیل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آنے والی تبدیلیوں کے باعث ریاست نے ملک بھر میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور پائیدار عوامی حکمرانی، فلاحی اقدامات، تمام مذاہب کے احترام، امن و بھائی چارے کے فروغ کے ذریعے ایک مثالی ریاست کے طور پر ابھر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کے خوابوں کے مطابق گرام سوراج کی سمت ترقی کرتے ہوئے دیہات اور شہر ترقی کی نئی مثالیں قائم کر رہے ہیں اور ریاست بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرتے ہوئے صنعتی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے ضلع پولیس انتظامیہ کو ضلع میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ عوامی حکومت کے فلاحی پروگراموں کی کامیابی کے لیے تمام طبقات اپنا تعاون جاری رکھیں گے اس موقع پر رکن اسمبلی ڈاکٹر بھوپت ریڈی کے علاوہ صدر نشین اردو اکیڈمی طاہر بن حمدان کے علاوہ دیگر بھی بھی موجود تھے ۔