تلنگانہ میںگھروں کی تعمیر کیلئے نئے قواعد کا اعلان

,

   

بلدیات اور کارپوریشنوں کے انتخابات میں مقابلہ کیلئے دو سے زائد بچے رہنے کے باوجود امیدوار مقابلہ کرسکتے ہیں: کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر (این ایس ایس) وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی راما راؤ نے آج اعلان کیا کہ 2 سے زائد بچے رکھنے والے افراد بھی آنے والے بلدی انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔ تلنگانہ میں بلدیات اور کارپوریشنوں کے انتخابات میں دو سے زائد بچے رکھنے والے قائدین پر انتخابی مقابلہ نہ کرنے کیلئے کوئی پابندی نہیں ہے ۔ کے ٹی آر نے قانون ساز کونسل میں خطاب کے دوران کہا کہ عوام 750 اسکوائر فٹ کے پلاٹ پر بلدیہ سے اجازت حاصل کئے بغیر بھی اپنے گھر تعمیر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تین مہینے میں ایک مرتبہ تمام بلدیات اور کارپوریشنوں کی طرف سے چلائے جانے والے ترقیاتی کاموں اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیں گے ۔ گھروں کی تعمیر کے ضابطوں کے بارے میں حوالہ دیتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ 750 مربع فٹ (69.7 مربع میٹر یا 83.3 مربع گز) قطعہ اراضی پر بلدیات سے اجازت حاصل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی نئے قواعد کی خلاف ورزی کرتا ہے تو انتہائی سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جو افراد 760 مربع فٹ سے زائد اراضی پر گھر تعمیر کرنا چاہتے ہیں ، انہیں آن لائین اجازت حاصل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام اندرون 21 یوم اجازت نامہ جاری کریں گے اور عوام کو اندرون تین سال تعمیر مکمل کرنا ہوگا۔ حصول اجازت کے بعد اندرون 6 ماہ تعمیراتی کام شروع نہیں کئے گئے تو اجازت نامہ منسوخ کردیا جائے گا۔