وبائی امراض کو روکنے اور بوسٹر ڈوز دینے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے پر زور
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ ایک ماہ بہت زیادہ اہم ہے ۔ سیلاب زدہ علاقوں اور قبائلی علاقوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے وبائی امراض کو کنٹرول کرنے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے بوسٹر ڈوز دینے بھی حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا ۔ آج ایم سی آر ایچ آر ڈی سے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ہریش راؤ نے جن اضلاع میں ڈینگو کے زیادہ کیسیس درج ہورہے ہیں وہاں چوکسی اختیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ علامتیں نظر آنے والوں کو معائنہ کرانے کے علاوہ فوری علاج شروع کرنے کا مشورہ دیا ۔ ایک طرف شعور بیداری پروگرامس کا اہتمام کرنے دوسری علاج کرنے پر زور دیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ خانگی ہاسپٹلس کو پہونچ کر جیب خالی نہ کرلیں بلکہ سرکاری دواخانوں میں اپنا علاج کرائیں ۔ ہریش راؤ نے صاف صفائی کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے محکمہ جات بلدی نظم و نسق ، پنچایت راج عملہ کے ساتھ مقامی اداروں کے عوامی منتخب نمائندوں کی خدمات سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ پانی کی نکاسی اور فاگنگ کے انتظامات کو باقاعدہ جاری رکھنے پر زور دیا ۔ ملک کے چند ریاستوں میں کورونا کے کیس میں بتدریج اضافہ ہونے کے پیش نظر تمام اہل افراد کو کورونا کا بوسٹر ڈوز دینے کے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے بالخصوص کثیر آبادی والے اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی ، میڑچل دوسرے اضلاع کے عوامی منتخب نمائندوں کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے بوسٹر ڈوز کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی ہدایت دی ۔۔ ن