حیدرآباد 31 اکٹوبر ( سیاست نیو ز ) تلنگانہ میں امکان ہے کہ آئندہ دو دنوں کے دوران ہلکی سے اوسط بارش ہوگی ۔ محکمہ موسمیات نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سائیکلون ماہا لکشدیپ اور جنوب مشرقی بحیرہ عرب سے شمال اور شمال مغرب کی سمت پیشرفت کر رہا ہے ۔ اس کے آئندہ 12 گھنٹوں میں مزید شمال مغرب کی سمت پیشرفت کی امید ہے ۔ یہ سائیکلون مزید شدت بھی اختیار کرسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے سربراہ ناگارتنا نے میڈیا کو بتایا کہ آئندہ دو دنوں میں تلنگانہ میں ہلکی سے اوسط بارش ایک یادو مقامات پر ہوسکتی ہے یا پھر گرج چمک بھی ہوسکتی ہے ۔ ساحلی آندھرا میں بھی کئی مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک یا دو موقعوں پر شدید بارش بھی ہوسکتی ہے ۔