تلنگانہ میں آئندہ دو دن میں سردی کی لہرمیں اضافہ کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔10جنوری(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے تلنگانہ کے بعض اضلاع کیلئے عنبر الرٹ برقراررکھا گیا ہے لیکن اس کے باوجود شہریوں کو شدید سردی کی لہر کا سامنا ہے۔ ریاست میں آئندہ 2یوم سردی کی لہر کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گذشتہ شب اور صبح کی اولین ساعتوں میں دونوں شہروں کے مختلف علاقوں بالخصوص نواحی علاقوں میں سردی کی لہر میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ۔ دوشنبہ کی رات دیر گئے شہر حیدرآباد کے علاوہ مختلف مقامات پر فٹ پاتھ پر رہنے والوں کے علاوہ رات دیر گئے کام کرنے والوں کو آگ تاپتے ہوئے دیکھا گیا ۔افضل گنج‘ چارمینار‘ بندلہ گوڑہ ‘ املی بن ‘ چادرگھاٹ‘ راجندر نگر کے علاقوں میں رات دیر گئے شہریوں کو آگ تاپتے ہوئے دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع کے علاوہ شہر حیدرآبادو سکندرآباد‘ میڑچل ۔ملکا جگری‘ رنگاریڈی میں سردی کی لہر ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم سردی کی لہر ریکارڈ کی جائے گی جبکہ خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ 15جنوری تک ریاست میں سردی کی لہر ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے اور 15 جنوری کے بعد گرمی کی تمازت میں اضافہ ممکن ہے۔