تلنگانہ میں آئندہ 2دنوںمیں گرمی کی شدت میں اضافہ کا امکان

   

حیدرآباد۔27فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں موسم گرما کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگاہے اور آئندہ دنوں کے دوران حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ گرم ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے اسی لئے عوام کو موسم گرما کے دوران سخت احتیاط کرنی چاہئے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور ماہ مارچ کے آغاز سے قبل ریاست کے کئی اضلاع اور حیدرآباد میں درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔

تلنگانہ کے اضلاع بالخصوص شہر حیدرآباد میں درجہ حرارت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں ابتدائی گرما میں ہی گرمی کی شدت محسوس کی جا رہی ہے جبکہ ماہ مارچ کے دوسرے ہفتہ کے دوران اس میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔ موسم گرما کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی شہریوں کو زیادہ پانی استعمال کرتے ہوئے خود کو صحت مند رکھنے کے اقدامات کرنے چاہئے کیونکہ موسم گرما کی شدت کے ساتھ پسینہ کے اخراج کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی ہونے لگتی ہے ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ماہ مارچ کے دوران درجہ حرارت 40 سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے اسی لئے شہریوں کو سخت دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے بھی اجتناب کرنے کی ضرورت ہے۔3