تلنگانہ میں ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کی تیاریاں، مئی میں پولنگ کا اعلان

   

حیدرآباد ۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں ضلع پرجاپریشد (ZPTC) اور منڈل پرجا پریشد (MPTC) کے انتخابات کیلئے تیاریاں تیز ہوگئی ہیں اور امکان ہیکہ یہ انتخابات آئندہ ماہ مئی کے اواخر تک کرائے جائیں گے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوں کی تیاری کا عمل شروع کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام اضلاع (حیدرآباد۔ میڑچل ملکاجگری) کے سواء ریاست کے تمام کلکٹرس کو ہدایت دی ہیکہ وہ مرکزی الیکشن کمیشن کی تازہ ترین فہرست کے مطابق نئے ووٹروں کی تفصیلات منڈل کی سطح پر شناخت کرکے انہیں متعلقہ پنچایت پولنگ اسٹیشن کی فہرست میں شامل کریں۔ اس سلسلہ میں نئی ووٹر فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں جنہیں ضلع پنچایت آفیسر کی تصدیق کے بعد سنٹر فار گڈ گورننس کے رہنمایانہ اصولوں کے مطابق پولنگ اسٹیشن سے منسلک کیا جائے گا۔ اگر اعدادوشمار میں کسی قسم کا تضاد پایا جائے تو اسے 23 اپریل تک الیکشن کمیشن کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اعتراضات اور تجاویز کے بعد حتمی فہرست جاری کی جائے گی جس کے بعد پولنگ مراکز اور دیگر انتخابی انتظامات مکمل کئے جائیں گے۔ اگرچہ یہ عمل گزشتہ سال ستمبر میں شروع کیا گیا تھا۔ تاہم بی سی تحفظات سے متعلق ایک عرضی پر سماعت کے دوران ہائیکورٹ کی ہدایت پر 9 اکٹوبر کو انتخابی عمل روک دیا گیا تھا۔ بعدازاں عدالت کی اجازت سے گرام پنچایت اور بلدیاتی انتخابات منعقد کئے گئے جبکہ اب حکومت ریزرویشن پالیسی کے مطابق ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کو مکمل کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ یاد رہیکہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے آخری انتخابات مئی 2019ء میں منعقد ہوئے تھے جبکہ منڈل پرجا پریشد (MPP) اور ضلع پریشد (ZP) چیرپرسنس کا انتخاب جون 2019ء میں ہوا تھا ان کی میعاد جون 2025ء میں ختم ہونے کے بعد سے ریاست میں اسپیشل آفیسرس کا نظم جاری ہے۔ محکمہ پنچایت راج کے مطابق آئندہ انتخابات کیلئے مجموعی طور پر ZPTC 566 اور MPTC 5,773 نشستوں کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔ میڑچل، ملکاجگری کو شہری ضلع میں تبدیل کئے جانے کے بعد اسے ضلع پریشد کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں اب ریاست میں جملہ 31 ضلع پریشد رہ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 2019ء کے بعد کئی گرام پنچایتوں کو میونسپلٹیز میں ضم کئے جانے کے باعث دیہی حلقوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ MPTC 44 اور ZPTC 4 اس کے علاوہ MPP 4 کی نشستیں کم ہوگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت ریزرویشن پالیسی کو حتمی شکل دینے کے بعد مئی میں انتخابات کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کرسکتی ہے۔2/H/M