تلنگانہ میں ایکو ٹورازم کے فروغ کیلئے عنقریب پالیسی کا اعلان: ریونت ریڈی

   

ٹمپل اور ہیلت ٹورازم پر حکومت کی توجہ، رنگاریڈی میں ایکو فرینڈلی ایکسپیریم پارک کا افتتاح

حیدرآباد۔/28 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے رنگاریڈی ضلع کے ردوٹور گاؤں میں عالمی معیار کے ایکو فرینڈلی پارک ایکسپیریم کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر میگا اسٹار چرنجیوی، ریاستی وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ، قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ وہپ مہیندر ریڈی اور مقامی عوامی نمائندے موجود تھے۔ عالمی معیار کے اس ایکو فرینڈلی پارک کیلئے 150 ایکر اراضی مختص کی گئی ہے جہاں 25 ہزار مختلف اقسام کے پودے موجود ہیں۔ 85 ممالک سے ان منفرد اقسام کے پودوں کی درآمد کی گئی ہے۔ ایکسپیریم پارک میں ایک لاکھ سے لے کر 3.5 کروڑ تک کی مالیت کے پودے موجود ہیں جو پارک کی اہمیت اور خوبصورتی میں اضافہ کا سبب بن رہے ہیں۔ کئی منفرد پودوں کو سیاسی ، فلمی اور صنعتی شخصیتوں نے حاصل کیا ہے۔ پارک میں راک گارڈن کے علاوہ دیگر کئی سہولتیں موجود ہیں۔ 1500 افراد کی گنجائش والی تھیٹر قائم کی گئی ہے۔ 150 کروڑ مالیتی پودوں نے ایکسپیریم پارک کی مقبولیت میں اضافہ کردیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ جنگلاتی علاقوں کا مشاہدہ کرنے کیلئے عوام مدھیہ پردیش اور دیگر علاقوں کا رُخ کرتے ہیں۔ مندروں کے درشن کیلئے ٹاملناڈو اور دیگر علاقوں کا رُخ کیا جاتا ہے۔ سابق حکومت نے سیاحت اور دیگر شعبہ جات کی ترقی پر توجہ مرکوز نہیں کی۔ ایکو ٹورازم پر اسمبلی میں حال ہی میں مباحث ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے حکومت نے پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شجرکاری کے سلسلہ میں طلبہ میں شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ شہر کے مضافاتی علاقہ میں ایکسپیریم پارک سے علاقہ میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ ارجنٹینا، یوراگوے، میکسیکو، ساؤتھ آفریقہ، اسپین، اٹلی، آسٹریلیا، تھائی لینڈ، انڈونیشیا اور ملیشیا سے مختلف اقسام کے پودے حاصل کئے گئے ہیں جس پر 150 کروڑ کا خرچ ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں ایکو ٹورازم کی ترقی کیلئے حکومت سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹمپل ٹورازم کے فروغ کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ مندروں کے اطراف کے علاقوں کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلت ٹورازم پر بھی حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جلد ہی ایکو ٹورازم پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد وقارآباد کے علاقہ میں ایکو ٹورازم مرکز قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے رام دیو راؤ کی ستائش کی جنہوں نے ایکسپیریم پارک کے قیام میں اہم رول ادا کیا ہے۔ میگا اسٹار چرنجیوی نے پارک کے قیام پر مسرت کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ چرنجیوی نے کہا کہ رام دیو راؤ نے انہیں کئی بیرونی ممالک کے پودے اس وقت فراہم کئے تھے جب وہ اپنا مکان تعمیر کررہے تھے۔ بیرونی ممالک کے پودوں کی افزائش کے ذریعہ مکان کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔ بیرونی پودوں کی تلنگانہ میں منتقلی کا سہرا رام دیو کے سر جاتا ہے۔1