340 کروڑ کے اخراجات، ڈیزائن اور معیار پر توجہ دینے چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے ہر سال کی طرح اس سال بھی بتکماں فیسٹول کے موقع پر ریاست بھر میں 1.18 کروڑ بتکماں ساڑیوں کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے 30 مختلف رنگوں اور 800 رنگوں کی آمیزش کے ساتھ 240 ڈیزائنس میں ساڑیوں کی تیاری کا آرڈر دیا ہے۔ جاریہ سال ساڑیوں کی تقسیم کو وسیع پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سرسلہ، پوچم پلی اورگدوال کے علاوہ دیگر علاقوں کے بافندوں کو حکومت نے 340 کروڑ روپئے مالیتی ساڑیوں کی تیاری کا آرڈر دیا ہے۔ بافندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ وقت پر ساڑیوں کی تیاری کو یقینی بنائیں۔ جاریہ سال بتکماں ساڑیاں گولڈ، سلور اور زری کے کام کے ساتھ رہیں گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے ہر سال بتکماں فیسٹول بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے تقسیم کی جانے والی ساڑیوں کے معیار اور ڈیزائن پر توجہ دینے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ ہینڈلوم اینڈ ٹیکسٹائیل نے ساڑیوں کی تقسیم کے شیڈول کو قطعیت دی ہے۔ عنقریب حکومت کی منظوری سے تقسیم کے پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔ بتکماں فیسٹول تلنگانہ عوام کی عزت نفس اور شناخت کی علامت بن چکا ہے ۔ بتکماں ساڑیوں کی تیاری کے نتیجہ میں تلنگانہ کے بافندوں کے معاشی استحکام میں مدد ملی ہے۔ یہ ساڑیاں بتکماں کے علاوہ کرسمس کے موقع پر عیسائی اور رمضان المبارک کے دوران مسلم خواتین میں تقسیم کی جائیں گی۔ چیف منسٹر کی دختر اور رکن کونسل کویتا نے بتکماں فیسٹول کے ریاست گیر سطح پر انعقاد میں اہم رول ادا کیا ہے۔ تلنگانہ جاگرتی کے ذریعہ علحدہ ریاست کی تحریک کے دوران بتکماں فیسٹول منایا جاتا رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال آسٹریلیا میں بتکماں فیسٹول میں شرکت کیلئے کویتا کو مدعو کیا گیا ہے۔ر