سیاسی مصلحت یا قانون کی مجبوری ، ریونت ریڈی سے اداکار کا براہ راست سوال
حیدرآباد ۔12۔ مئی (سیاست نیوز) اپنی بے باک بیان بازی کیلئے مشہور اداکار پرکاش راج نے ایک بار پھر سوشیل میڈیا پر سیاسی ہلچل مچادی ہے ۔ اس بار ان کے نشانے پر تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے تھے۔ مرکزی مملکتی وزیر بنڈی سنجے کے بیٹے بنڈی بھاگیرتا کے خلاف درج پوکسو (POCSO) کیس کے متعلق پرکاش راج نے ایکس (ٹوئیٹر) پر تلنگانہ حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں دریافت کیا کہ حکومت ملزم کو گرفتار کرنے کے بجائے اسے تحفظ کیوں دے رہی ہے ۔ پرکاش راج نے مرکزی حکومت کے مشہور نعرے ’’بیٹی بچاؤ ‘‘ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اب ایسا لگتا ہے ۔ اقتدار میں بیٹھے لوگ ’’بیٹا بچاؤ‘‘ کی مہم چلارہے ہیں۔ انہوں نے براہ راست چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ ملزم کو گرفتار کیوں نہیں کر رہے ہیں جو قانون کی گرفت سے بھاگ رہا ہے ۔ پرکاش راج اپنے مخصوص ہیش ٹیاگ # Justasking کا استعمال کرتے ہوئے شکوک و شبہات کا اظہار کیا کہ کہیں حکومت خود ملزم کی ڈھال تو نہیں بن رہی ہے ؟ پرکاش راج کا یہ ٹوئیٹ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بنڈی بھاگیرتا کے خلاف پوکسو کیس کو لے کر ریاست میں پہلے ہی سیاسی درجہ حرارت بلند ہے ۔ فلمی اداکار کے اس سخت لہجے نے سوشیل میڈیا پر نئی بحث چھیڑدی ہے کہ آیا تلنگانہ کی موجودہ حکومت واقعی ایسے حساس معاملات میں سختی برت رہی ہے یا پھر سیاسی مصلحتوں کا شکار ہے ۔2/k