تلنگانہ میں بی جے پی کھوٹا سکہ

   

حیدرآباد۔/3 جولائی، (سیاست نیوز) ٹی آر ایس نے حکومت کو غیر مستحکم کرنے سے متعلق بی جے پی قائدین کے بیانات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں ہے۔ ارکان اسمبلی جیون ریڈی اور ویویکانند ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کھوٹے سکہ کی طرح ہے جو عوام میں نہیں چل سکتا۔ بی جے پی قائدین کو زبان قابو میں رکھنے کیلئے متنبہ کرتے ہوئے ارکان اسمبلی نے کہا کہ بی جے پی صرف بیان بازی کے ذریعہ عوام میں پہنچنا چاہتی ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کی ترقی کو بری طرح نظرانداز کیا ہے۔ تلنگانہ کیلئے مودی حکومت نے ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ کے سی آر قومی سیاست میں سوپر اسٹار کے طور پر ابھرے ہیں اور بی جے پی انہیں روکنا چاہتی ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی کی نظر تلنگانہ کے وسائل پر ہے۔ ریاست کی ترقی سے مودی اور دیگر قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ سرمایہ کاری میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے آگے ہے اور بین الاقوامی کمپنیوں کی آمد سے بی جے پی کو پریشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے قومی قائدین تلنگانہ کے لاکھ دورے کرلیں لیکن انہیں عوامی تائید ہرگز حاصل نہیں ہوگی۔ر