تلنگانہ میں تلگودیشم کے مقابلہ پر قائدین کی چندرا بابو نائیڈو سے مشاورت

   

عوامی اتحاد کی برقراری کی سفارش
حیدرآباد۔/16 فروری، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں پارٹی قائدین سے مشاورت کا عمل شروع کردیا ہے۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا اور دیگراہم قائدین پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کیلئے امراوتی روانہ ہوچکے ہیں۔ پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کی اجرائی سے قبل ہی امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابونائیڈو تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے دونوں ریاستوں میں امیدواروں کے انتخاب کو قطعیت دیں گے۔ کانگریس، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے قائدین سے بھی عوامی اتحاد کی برقراری کے مسئلہ پر بات چیت کی جائے گی۔ اگر کانگریس اتحاد کی برقراری کے حق میں ہو تو تلگودیشم کم از کم 10لوک سبھا نشستوں پر پوری طاقت سے مقابلہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع تلگودیشم کمیٹیوں سے اہل امیدواروں کے نام حاصل کئے جارہے ہیں۔ دوسری طرف آندھرا پردیش کیلئے پہلے مرحلہ میں 100 تا 125 اسمبلی امیدواروں کی فہرست جاری کی جاسکتی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ سریکاکولم، وجیانگرم اورچتور میں امیدواروں کے انتخاب کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ نیلور، کڑپہ، گنٹور اور اننت پور اضلاع میں زائد نشستوں پر امیدواروں کے ناموں پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو اسمبلی کے نتائج کو پیش نظر رکھتے ہوئے تلنگانہ میں عوامی اتحاد کی برقراری کے حق میں ہیں تاکہ دیگر جماعتوں کی مدد سے کم سے کم دو تا تین لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل کی جاسکے۔