تلنگانہ میں جمہوری حکومت ہے یا پولیس کا راج، ہریش راؤ کا سوال

   

کھمم میں غریب عوام کے مکانات کو منہدم کرنے کی سخت مذمت

حیدرآباد ۔24 ۔ فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے ضلع کھمم میں انہدامی کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قرض حاصل کرتے ہوئے غریبوں کی جانب سے تعمیر کردہ مکانات کو منہدم کرنے کی کارروائی کو بے رحمانہ کارروائی قرار دیا۔ ہریش راؤ نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی حکومت تعمیری حکومت نہیں ہے بلکہ انہدامی حکومت ہے۔ ہریش راؤ نے استفسار کیا کہ تلنگانہ میں جمہوری حکومت ہے یا پولیس کا راج چل رہا ہے ۔ چار اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں پولیس کو تعین کرتے ہوئے ایک جنگی ماحول پیدا کرتے ہوئے غریبوں کے مکانات کو منہدم کیا گیا ہے جس کی بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں عوامی حکومت ہونے کا دعویٰ کر رہی ہے ، دوسری طرف غریب عوام کو چھتوں سے محروم کرنے کی سازش پر عمل آوری کر رہی ہے ۔ انہدامی کارروائی کے دوران پولیس نے میڈیا کو بھی قریب آنے نہیں دیا تاکہ حکومت کی جو کارروائی ہے وہ عوام تک پہنچ نہ سکے ۔ غریب عوام ، خواتین ، بچے اس انہدامی کارروائی کو روکنے کی التجا کرتے رہے لیکن عہدیداروں نے ان کی ایک نہیں سنی بلکہ ظالمانہ طریقہ سے انہیں وہاں سے ہٹادیا گیا۔ اندراماں مکانات دینے کا وعدہ کرنے والی کانگریس حکومت موجودہ مکانات کو منہدم کر رہی ہے۔ کانگریس حکومت عوام کی فریاد سننے کیلئے تیار نہیں ہے۔ ایسی حکومت کو اقتدار پر رہنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ ہریش راؤ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جن مکانات کو منہدم کیا گیا ہے ، وہیں نئے مکانات تعمیر کئے جائیں۔ اس ناانصافی کے خلاف بی آر ایس پارٹی جدوجہد کرتی رہے گی اور ایوانوں میں اور عدلیہ میں اس کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے ۔ کانگریس حکومت نے جو کارروائی کی ہے اس کو مستقبل میں اس کی قیمت چکانی پڑے گی ۔2