تلنگانہ میں خاندانی حکمرانی کا خاتمہ ضروری

   


مرکزی وزیر بھوپیندر یادو کا عام جلسوں سے خطاب
حیدرآباد ۔11 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر و جنگلات بھوپیندر یادو نے الزام عائد کیا کہ فلاحی اسکیمات کے لئے مرکز کی جانب سے جاری کردہ فنڈس مستحق افراد تک نہیں پہنچ پارہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکز نے ریاستوں کے ساتھ یکساں سلوک کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات کا فنڈ جاری کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے نئی ریاست تشکیل دی گئی تاکہ دلتوں اور غریبوں کی بھلائی ہو لیکن تلنگانہ میں صرف ایک سیاسی خاندان کی بھلائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں خاندانی حکمرانی کے خاتمہ کا وقت آچکا ہے ۔ مرکزی وزیر نے تلنگانہ کے قرض کے جال میں پھنس جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت نئی ریاست تشکیل دی گئی ، تلنگانہ دولتمند ریاست تھی لیکن حکومت نے چار لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کرتے ہوئے معاشی صورتحال کو ابتر بنادیا ہے ۔ مرکزی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کو سیاست سے سبکدوش کرتے ہوئے وی آر ایس پر عمل کریں۔ مرکزی وزیر نے حضور آباد اور نرسا پور میں عام جلسوں سے خطاب کیا۔ر