تلنگانہ میں سردی کی لہر میں اضافہ

   

حیدرآباد۔20دسمبر(یواین آئی) ریاست تلنگانہ میں سردی کی لہر میں اضافہ درج کیاجارہا ہے۔عوام کی بڑی تعدادصبح کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کررہی ہے جبکہ پارکس میں چہل قدمی کیلئے آنے والوں کی تعداد بھی گھٹ گئی۔ کئی علاقوں میں معمول سے 4ڈگری کم درجہ حرارت درج کیاگیا ہے اور صبح کی اولین ساعتوں سے ہی کہر کی گھنی چادردیکھی جارہی ہے ۔ کئی علاقوں میں صبح 9بجے تک بھی سورج نظرنہیں آرہا ہے ۔ سردی سے بچے اور معمرین شدید متاثرہیں۔ نزلہ’ کھانسی’ زکام اور بخار میں کئی افراد مبتلا ہیں۔ صبح اور شام کے اوقات میں بیشتر مقامات پر لوگ آگ تاپتے نظر آرہے ہیں۔