ہائی ٹیکس میں عالمی بزنس میٹ ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک کا خطاب
حیدرآباد : 15 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارک نے کہا کہ سرمایہ دار تلنگانہ میں سرمایہ کاری کریں ۔ حکومت آپ کی ترقی اور کامیابی میں مکمل تعاون کرے گی ۔ حیدرآباد دنیا کا سب سے محفوظ اور بہترین سرمایہ کاری منزل ہے ، ہائی ٹیک میں منعقدہ گلوبل بزنس میٹ 2026ء سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے واضح کیا کہ تلنگانہ حکومت صنعتکاروں اور دولت پیدا کرنے والوں کو ایک سرپرست کی حیثیت سے مکمل مدد فراہم کرے گی اور ریاست کی جامع معاشی ترقی میں ان کا ساتھ دے گی ۔ انہوں نے دنیا بھر سے آئے ہوئے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو تلنگانہ کی معاشی پیشرفت کا حصہ بننے کی دعوت دی ۔ نئے صنعتی یونٹس قائم کرنے کیلئے تمام ضروری اجازت نامے سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعہ فوری اور بغیر کسی رکاوٹ کے فراہم کئے جائیں ، صنعتی پارکوں میں اراضی ، بلاتعطل برقی سپلائی اور پینے اور صنعتی پانی کے فوری انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ ملو بھٹی وکرامارک نے کہا کہ حیدرآباد کا پُرامن ماحول ، مضبوط بنیادی ڈھانچہ ، ہنر مند افرادی قوت ، خوشگوار موسم اور کثیر لسانی اور رواداری پر مبنی ثقافت سرمایہ کاری کیلئے اسے دنیا کا بہترین مقام بناتی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ریاست کی جی ایس ڈی پی کے معاشی اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تلنگانہ کی معشیت میں سب سے بڑا حصہ یعنی تقریباً 65فیصد کی شراکت داری کررہا ہے ۔ ریاستی معشیت میں زراعت کا حصہ تقریباً 16فیصد ہے ۔ انڈسٹری سیکٹر ریاست میں روزگار کی فراہمی اور معاشی نمو کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے آئی ٹی ، فارما ، ایکو ، ایرو اسپیس ، دفاعی پیداوار ، بنیادی صنعتوں ، برآمد و واردات کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کی معاشی رفتار کو تیز کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ دولت پیدا کرنے والوں کے ساتھ پورے معاشرے اور حکومت کو کھڑا ہونا چاہیئے ، کیونکہ صنعتوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع ، عوامی آمدنی اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صرف ایک مخصوص طبقہ یا گروہ کی ترقی کو مکمل ترقی نہیں کہا جاسکتا ۔ حقیقی معنوں میں جامع ترقی تبھی ممکن ہے جب معاشی کامیابیوں کے ذریعہ 10دیگر محروم اور ضرورت مند افراد کو ساتھ دے کر آگے بڑھایا جائے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سماکھیا جیسے تمام تجارتی و سماجی پلیٹ فارمس کو ریاستی پیشرفت کیلئے مکمل تعاون فراہم کرتی رہے گی ۔2 m/b/