تلنگانہ میں سی پی آئی کی عوامی رابطہ مہم کا 14 اپریل سے آغاز

   

پدیاترا اور بس یاترا کا منصوبہ، ’’گھر گھر سی پی آئی مہم‘‘۔ سامبا سیوا راؤ کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور تلنگانہ میں عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے ریاستی سی پی آئی کی جانب سے14 اپریل سے ریاست بھر میں ’’ گھر گھر سی پی آئی‘‘ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔ اس مہم کے تحت پدیاترا اور بس یاترا کیلئے دو مراحل میں عوام سے رابطہ قائم کیا جائے گا۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے پارٹی کے دو روزہ ریاستی عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو فیصلوں سے واقف کرایا۔ چاڈا وینکٹ ریڈی، پی وینکٹ ریڈی، بی نرسمہا، سرینواس راؤ اور دیگر قائدین کے ہمراہ سامبا سیوا راؤ نے بتایا کہ بی جے پی کو ہٹاؤ دیش کو بچاؤ کے عنوان سے ڈاکٹر امبیڈکر جینتی کے موقع پر14 اپریل سے عوام سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست میں عوامی مسائل کے حل کیلئے 14 اپریل سے ’ گھر گھر سی پی آئی‘ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ ان پروگراموں میں سی پی آئی کے قومی سکریٹریز ڈاکٹر کے نارائنا، سید عزیز پاشاہ اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔ ایک ماہ تک ریاست کے 119 اسمبلی حلقہ جات میں پدیاترا اور موٹر سائیکل یاترا کے ذریعہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کو عوام میں بے نقاب کیا جائیگا۔2024 میں بی جے پی کو اقتدار سے روکنے کیلئے عوام سے اپیل کی جائے گی۔ غریبوں کو اراضیات کی تقسیم، ڈبل بیڈ روم مکانات، راشن کارڈ، دلت بندھو، پنشن اور دیگر مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی جائے گی۔ ماہ جون میں ریاست گیر سطح پر بس یاترا کا آغاز کیا جائے گا۔ ان تمام پروگراموں کی تکمیل کے بعد حیدرآباد میں لاکھوں افراد کے ساتھ جلسہ عام منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے وقت تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے 25 مارچ سے بیارم سے پدیاترا شروع کی جائے گی۔ پدیاترا ملگ، بھوپال پلی، محبوب آباد، جنگاؤں، ہنمکنڈہ اور ورنگل کا احاطہ کرے گی۔25 اپریل کو ہنمکنڈہ میں جلسہ عام منعقد ہوگا۔ سامبا سیوا راؤ نے بی آر ایس رکن کونسل کویتا کے خلاف بنڈی سنجے کے ریمارکس کی مذمت کی اور گورنر کی خاموشی پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اپوزیشن اتحاد کے ذریعہ بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے۔ر