تلنگانہ میں طوفانی ہواؤں ، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع

   

حیدرآباد۔/16اکٹوبر، ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے مختلف مقامات پرآئندہ 48 گھنٹوں کے دوران طوفانی ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی مقامات پر ہلکی یا اوسط بارش ریکارڈ کی گئی۔ جمعرات کو ان علاقوں میں دن یا رات کے وقت مزید بارش متوقع ہے۔ اسی دوران جنوب مغربی مانسون اب سارے ملک میں ختم ہوگیا اس کے ساتھ ہی ٹاملناڈو اور آندھرا پردیش ، کرناٹک و کیرالا کے علاقوں میں متواتر بارش کے ساتھ شمال مشرقی مانسون کاآغاز ہوگیا ہے۔ تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون معمول کے مطابق رہا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مختلف علاقوں کے درجہ حرارت میں بتدریج کمی ہوئی ہے۔