تلنگانہ میں عجیب و غریب موسم، موجودہ صورتحال سے عوام بے چین

   

اضلاع میں موسلادھار بارش اور دھوپ، کئی اضلاع میں جون اور ستمبر کا موسم ریکارڈ
حیدرآباد۔7۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں موسم کی عجیب و غریب صورتحال ریاست بھر کے عوام میں بے چینی پیدا کئے ہوئے ہے۔تلنگانہ کے اضلاع میں جہاں اچانک موسلادھار بارش شروع ہورہی ہے وہیں کئی علاقوں میں دھوپ کی شدت سے عوام پریشان ہیں ۔محکمہ موسمیات نے 15مئی تک ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں ہلکی اور تیز بارشوں کی پیش قیاسی کی ہے جبکہ خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ ماہ مئی کے دوران تلنگانہ کے کئی اضلاع میں جون اور ستمبر کی طرح کا موسم ریکارڈ کیا جانے لگا ہے کیونکہ جون میں مانسون کی آمد کے ساتھ ہی جو صورتحال ہوتی ہے اسی طرح کے موسمی حالات پائے جانے لگے ہیں اور ماہ ستمبر کے دوران اچانک ہونے والی موسلادھار بارش کی طرح کئی علاقوں میں بارشیں ریکارڈ کی جانے لگی ہیں۔دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں آج بھی درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی لیکن رطوبت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے سبب گرمی کی شدت محسوس کی گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع رنگاریڈی ‘ محبوب نگر ‘ ناگر کرنول‘ وقارآباد‘ کھمم‘ بھدادری‘ کتہ گوڑم ‘ نلگنڈہ ‘ یدادری ‘ بھونگیر اور سوریہ پیٹ کے علاقوں میں مطلع ابرآلود رہا اور شام کے وقت بار ش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے تھے اسی طرح دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے بھی مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔گذشتہ یوم بھی رات کے اوقات میں سرد ہواؤں کے ساتھ شہر کے کئی علاقوں بالخصوص پرانے شہر میں تیز رفتار بارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ دو یوم قبل پرانے شہر کے کئی علاقوں میں بارش نہیں ہوئی اور نئے شہر میں کئی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ درختوں کے گرنے اور برقی سربراہی منقطع ہونے کے واقعات بھی پیش آئے تھے ۔ماہرین موسمیات کے مطابق 7مئی کی شب دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں بارش کے امکانات پائے جارہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ رات کے اوقات میں سرد ہواؤں کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ بھی ریکارڈ کی جاسکتی ہے ۔شہر کے نواحی علاقوں میں بھی بارش کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جاسکتاہے۔3