تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات کیلئے ٹی آر ایس پارٹی کے اجلاس

   

ہر دن دو حلقوں کے اجلاس، تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کی مساعی

حیدرآباد 24 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے حلقہ جات لوک سبھا میں انتخابی تیاریوں سے متعلق اجلاسوں کے انعقاد کے لئے شیڈول کو قطعیت دے دی ہے۔ اس شیڈول کی روشنی میں یکم مارچ تا 11 مارچ حلقہ جات لوک سبھا میں انتخابی تیاریوں سے متعلق اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ ٹی آر ایس کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ہر روز دو حلقہ جات لوک سبھا میں اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ یکم مارچ کو ضلع کریم نگر میں پہلا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ 2 مارچ کو ورنگل اور بھونگیر میں 3 مارچ کو میدک و ملکاجگیری، 6 مارچ کو ناگر کرنول، چیوڑلہ، 7 مارچ کو ظہیرآباد اور سکندرآباد، 8 مارچ کو نظام آباد و عادل آباد، 9 مارچ کو پداپلی، راماگنڈم، 10 مارچ کو محبوب آباد و کھمم اور 11 مارچ کو نلگنڈہ و محبوب نگر میں ٹی آر ایس کے تمام قائدین و کارکنوں کے ساتھ انتخابی تیاریوں سے متعلق اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ اسی ذرائع کے مطابق ان اجلاسوں میں لوک سبھا انتخابات کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی سے ٹی آر ایس کے قائدین و کارکنوں کو واقف کرواتے ہوئے ضروری ہدایات دی جائیں گی۔ اسی دوران رکن قانون ساز کونسل و گورنمنٹ وہپ تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں 16 لوک سبھا حلقوں سے ٹی آر ایس بہرصورت کامیابی حاصل کرے گی اور اس کامیابی کے ذریعہ مرکز میں تشکیل حکومت کے معاملہ میں ٹی آر ایس اپنا اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ انھوں نے پرزور الفاظ میں کہاکہ آج ملک بھر کی تمام نظریں ریاست تلنگانہ پر لگی ہوئی ہیں کیوں کہ ریاست تلنگانہ ایک مثالی بنی ہوئی ہے۔ بلکہ ملک بھر میں کسی بھی ریاستوں میں روبہ عمل نہیں لائی جانے والی فلاح و بہبودی سے متعلق مثالی و منفرد اسکیمات ریاست تلنگانہ میں روبہ عمل لائی جارہی ہیں جس کے پیش نظر غیرمعمولی نوعیت کی مثالی اسکیمات پر عمل آوری کے باعث ہی ملک بھر میں کے چندرشیکھر راؤ کی زبردست مانگ پائی جارہی ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ملک کے موجودہ قومی قائدین میں ملک کے تعلق سے جتنے معلومات پائے جاتے ہیں ان قائدین کے مقابلہ میں ملک کے تعلق سے چندرشیکھر راؤ زیادہ معلومات رکھتے ہیں۔ جس کے پیش نظر لوک سبھا انتخابات کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ ملک کی سیاست میں اپنا اہم رول ادا کریں گے۔ پی راجیشور ریڈی نے پارٹی قائدین و کارکنوں سے لوک سبھا انتخابات میں بھی ٹی آر ایس کو 16 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی کے حصول میں اہم رول ادا کرنے کی پرزور خواہش کی۔