ٹی جی سیف کا ہنگامی ریڈ الرٹ، سوشل میڈیا اور ٹیلیگرام کے ذریعہ پھیلائی جانے والے گمرہ کن مہم سے بچیں
حیدرآباد : 15 اکٹوبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں وزن کم کرنے کی خواہشمند معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے اور مہلک ادویات کے ذریعہ ایک نیا دھندہ چلانے والے گروہوں کے خلاف تلنگانہ فوڈ اینڈ ایسنشیل ڈرگس اسٹینڈرس اتھاریٹی ( ٹی جی سیف ) سخت کارروائی کا آغاز کیا ۔ ٹی جی سیف نے ایک ہنگامی پبلک اڈوائزری جاری کرتے ہوئے انتباہ دیا ہے کہ بغیر کسی سائنسی ٹسٹ یا حکومت کی منظوری کے بغیر آن لائن سوشیل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ وزن کم کرنے والی دوائیں اور تجرباتی پیپٹائیڈ پروڈکٹس خریدنا اور خود استعمال کرنا انسانی جان کیلئے انتہائی خطرہ ہے ۔ اتھاریٹی نے واضح کیا ہے کہ نہ تو سنٹرل ڈرگس اسٹینڈرس کنٹرول آرگنائزیشن (CDSCO) اور نہی ہی ( ٹی جی سیف ) نے مارکٹ میں داخل ہونے والی ایسی ادویات جیسے کہ Retatrutide اور Orphoglipron کیلئے کوئی منظوری دی ہے ۔ محکمہ ڈرگس نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ چند ڈاکٹرس وزن کم کرنے کے علاج کے نام پر طبی منظوری کے بغیر مریضوں کو یہ غیر مجاز دوائیں تجویز کررہے ہیں ۔ BPC-157 اور GHK-CU جیسی خطرناک ہیپٹائیڈ مصنوعات ٹیلی گرام اور انسٹا گرام جیسی سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر خفیہ طور پر فروخت کی جارہی ہے ۔ قانون کی گرفت سے بچنے کیلئے ان بوٹلس اور انجکشنس پر ریسرچ کمیکل اور انسانی استعمال کیلئے نہیں کے برانڈ لیبل چسپاں کئے جاتے ہیں لیکن پردہ کے پیچھے یہ اسمگلرس خریداروں کو خصوصی یوزرس مینوول فراہم کرتے ہیں کہ انہیں بطور انجکشن کیسے استعمال کیا جائے ۔ غیر منظم آن لائن پلیٹ فارمس پر دستیاب ان انجکشنس میں خطرناک بیکٹریا اور مضر صحت ملاوٹ پائی جاتی ہے اور ان کی جراثم کش کا معیار بالکل ناگفتہ بہ ہوتا ہے ۔ انہیں استعمال کرنے سے جسم کے اعضاء کو شدید نقصان ، سنگین ضمنی اثرات اور یہاں تک کہ موت واقع ہونے کا خطرہ موجود ہے ۔ ٹی جی سیف نے سخت وارننگ جاری کی ہے کہ جو بھی ڈاکٹر ڈرگس اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ 1940ء کی دفعات کو نظرانداز کرتے ہوئے ایسی غیرمجاز دوائیں تجویز کی یا خود فروخت کرے گے تو ان کے خلاف سخت ترین فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے طبی لائسنس بھی منسوخ کردیئے جائیں گے ۔ حکام نے وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا کہ وہ آن لائن سوشل میڈیا کے فریب میں نہ آئے ، صرف مستند ماہرین طب سے مشورہ کریں اور صرف لائسنس یافتہ میڈیکل شاپ سے ہی منظور شدہ ادویات خریدیں ۔ اگر کوئی بھی شہری کہیں پر بھی غیرمجاز یا ممنوعہ ادویات کی غیر قانونی فروخت دیکھیں تو فوری طور پر ٹول فری نمبر 1800-599-69659پر کال کر کے محکمہ کو مطلع کرے اور شکایت درج کروائے ۔2