تلنگانہ میں وسط مدتی انتخابات کا امکان نہیں: سوندرا راجن

,

   

نئی دہلی میں گورنر کا بیان،سیلاب کیلئے مرکز سے امداد کے حصول کا دعویٰ ، ریاستی حکومت کے الزامات مسترد

حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے پروٹوکول کے مسئلہ پر پھر ایک بار تلنگانہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ملک کی نئی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو مبارکباد پیش کرنے کیلئے دہلی آمد کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے پروٹوکول کا خیال نہ رکھنے کیلئے حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر پر نکتہ چینی کی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ایک گریجن خاتون صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز ہوئی ہیں اور یہ ملک کیلئے باعث افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے پہلے شہری کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر عہدیداروں نے پروٹوکول کی پابندی نہیں کی۔ گورنر نے راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان دوریوں سے متعلق سوال پر تبصرہ سے گریز کیا۔ سوندرا راجن نے کہا کہ سیلاب کے لئے بادل پھٹ پڑنے کی سازش سے متعلق چیف منسٹر کے سی آر کے بیان سے وہ اتفاق نہیں رکھتیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال کو سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہئے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے مرکز پر امداد کی عدم فراہمی سے متعلق الزامات پر گورنر نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کیلئے فنڈس جاری کر رہی ہے ۔ میں نے سیلاب کے نقصانات کے بارے میں مرکزی حکومت کو رپورٹ روانہ کی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر جس انداز میں سیاست کی گئی اس پر گورنر نے تبصرہ سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو مرکز سے واجب الادا فنڈس جاری کئے جارہے ہیں۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے فنڈس کی اجرائی سے متعلق تفصیلات جاری کی ہیں۔ گورنر نے کہا کہ میں ہمیشہ عوام کے ساتھ رہوں گی اور اخلاقی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا انہوں نے دورہ کیا۔ گورنر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے وسط مدتی انتخابات کے امکانات نہیں ہیں۔ راج بھون نے کے سی آر کی ملاقات کے باوجود پروٹوکول میں تبدیلی نہیں کی گئی ۔ سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر کلکٹر حاضر نہیں ہوئے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ ہمارے روابط جوں کا توں صورتحال کی طرح ہیں۔ میں دیگر ریاستوں کے گورنرس سے اپنا تقابل نہیں کرتیں۔ گورنر صرف راج بھون تک محدود نہیں ہونا چاہئے ۔ عوام کے لئے دستیاب رہنا میرا مقصد ہے۔ مجھ سے جس قدر مدد ہوسکتی ہے، میں کروں گی۔ گورنر نے بتایا کہ سیلاب کی صورتحال کے بارے میں مرکز ی وزیر داخلہ کو رپورٹ کی پیشکشی کے بعد مرکزی ٹیموں کو روانہ کیا گیا ۔ گورنر سوندرا راجن نے صدر جمہوریہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ر