تلنگانہ میں پارلیمانی انتخابات کا پرامن انعقاد

   

عوام کے پولیس سے تعاون پر اظہار مسرت ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی
حیدرآباد ۔ /11 اپریل (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ ایم مہندر ریڈی نے آج کہا کہ ریاست میں انتخابات پرامن طور پر گزرگئے ہیں اور کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ رائے دہی کے دوران مسٹر مہندر ریڈی نے اسٹیٹ پولیس ہیڈکوارٹر کے کمانڈ کنٹرول سنٹرل سے حالات کا راست طور پر مشاہدہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاست کے 17 پارلیمانی حلقوں کیلئے پولیس نے 85 ہزار پولیس عملہ بشمول دیگر ریاستوں کے پولیس عملہ کو متعین کیا گیا تھا اور دیگر محکمہ جات کے تال میل سے انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سطح سے لیکر ریاستی سطح تک کمانڈ کنٹرول سنٹر کے ذریعہ حالات پر 24×7 کڑی نظر رکھی جارہی تھی اور حساس علاقوں پر خاص توجہ مرکوز کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ماتحت ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور انسپکٹر جنرلس کی مدد سے حالات پر مسلسل نظررکھی جارہی تھی جس کے نتیجہ میں انتخابات پرامن طور پر گزرگئے ۔ مسٹر مہندر ریڈی نے عوام کو پولیس کا تعاون کرنے پر مسرت کا اظہار کیا ۔ اسی طرح پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے بھی سٹی پولیس کمشنر آفس کے کمانڈ کنٹرول سنٹر سے رائے دہی کے دوران حالات پر کڑی نظر ر کھی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہر میں کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور رائے دہی کے وقت تک حالات پرامن رہے ۔