کانگریس کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے پُرعزم ، کے سی آر کو بیدخل کرنے کا وقت آگیا، ریونت ریڈی کا جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد3 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے یقین ظاہر کیا کہ ریاست میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور عوام نے ٹی آر ایس کی بدعنوان حکومت کو بیدخل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ مانک راؤ ٹھاکرے آج صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پد یاترا میں شریک ہوئے۔ کریم نگر کے ماناکنڈور اسمبلی حلقہ میں آج پد یاترا 19 ویں دن جاری رہی۔ اے آئی سی سی کے سکریٹری ندیم جاوید کے ہمراہ انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے ریونت ریڈی کے ساتھ پد یاترا میں حصہ لیا اور عوام سے ملاقات کی۔ عوامی جوش و خروش کو دیکھنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب میںمانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور جنوری 2024 ء میں کانگریس حکومت تشکیل پائے گی۔ پد یاترا اور جلسہ عام میں عوام کے جوش و خروش پر مسرت کا اظہار کرکے مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ ریاست میں عوام کی فلاح و بہبود و اندراماں راج کے احیاء کا وقت آچکا ہے ۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ آئندہ 10 ماہ تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور عوام سے رابطہ میں رہیں۔ ریونت ریڈی نے پد یاترا کا صبح 8.00 بجے آغاز کیا۔ انہوں نے ماناکنڈور اسمبلی حلقہ کے تقریباً 4 منڈلوں کے بیشتر دیہاتوں میں عوام سے ملاقات کی۔ ماناکنڈور ٹاؤن میں شام میں جلسہ عام منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک ہوئے ۔ پد یاترا کے دوران جگہ جگہ ریونت ریڈی کا استقبال کیا گیا۔ مختلف شعبہ جات کے نمائندوں نے ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ خواتین کے گروپ سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر سیلف ہیلپ گروپس کو فنڈس جاری کئے جائیں گے۔ بیروزگار نوجوانوں نے تقررات کا وعدہ پورا نہ کرنے پر کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں تمام طبقات کی بھلائی ہوگی۔ پد یاترا کے موقع پر ماناکنڈور کے بی آر ایس رکن اسمبلی آر بال کشن کے خلاف چارج شیٹ جاری کی گئی ۔ چارج شیٹ میں رکن اسمبلی پر مختلف بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی۔ بی آر ایس سے تعلق رکھنے والے ایلا ریڈی اسمبلی حلقہ کے کئی قائدین نے ریونت ریڈی کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ جلسہ عام سے خطاب میںریونت ریڈی نے عوام کو یقین دلایا کہ کانگریس تلنگانہ ریاست میں عوام کی زندگی میں روشنی اور خوشحالی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران کے سی آر نے سماج کے ہر طبقہ کے ساتھ وعدے کئے تھے لیکن اقتدار ملتے ہی صرف اپنے خاندان کی بھلائی کی فکر کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی میں اختلافات محض دکھاوا ہے۔ کے سی آر نے 2014 ء سے آج تک نریندر مودی حکومت کے ہر فیصلہ کی تائید کی تھی۔ پارلیمنٹ میں مودی حکومت کے بلز کی منظوری میں کے سی آر کے ارکان نے اہم رول ادا کیا ۔ تلنگانہ میں کانگریس کو کمزور کرنے کیلئے مخالفت کا ڈرامہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو برسر اقتدار آنے سے کوئی بھی طاقت روک نہیں سکتی۔ سونیا گاندھی نے نوجوانوں کی قربانیوں کا احترام کرکے کانگریس کو سیاسی نقصان کی پرواہ کئے بغیر علحدہ ریاست تشکیل دی۔ انہوں نے کہا کہ کسان 24 گھنٹے برقی سربراہی سے محروم ہیں اور قرض معافی کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ کانگریس برسر اقتدار آنے پر زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہی کے علاوہ دو لاکھ روپئے کا قرض معاف کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے عوام کی تالیوں کی گونج میں اعلان کیا کہ پکوان گیاس سلینڈر صرف 500 روپئے میں سربراہ کیا جائیگا۔ انہوں نے آروگیہ شری اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپئے تک مفت علاج ، غریبوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے نام پر ہزاروں کروڑ کا کمیشن حاصل کیا گیا ہے۔ جلسہ عام سے سابق ارکان پارلیمنٹ ایس راجیا ، پونم پربھاکر ، انجن کمار یادو اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ر