تلنگانہ میں کورونا پر کنٹرول کے اقدامات سے مرکز مطمئن

,

   

بستی دواخانوں میں کورونا ٹسٹ کرانے کی ستائش ، چیف سکریٹری سومیش کمار نے ویڈیو کانفرنس میں تفصیلات پیش کی
حیدرآباد :۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے مرکزی وزیر پیوش گوئل مطمئن ہیں ، بستی دواخانہ میں کورونا ٹسٹ کرانے کی ستائش کی ۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کورونا کی روک تھام کا جائزہ لینے کے لیے ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں 12 ریاستوں کے چیف سکریٹریز نے حصہ لیا اور مختلف ریاستوں میں کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے تلنگانہ میں کورونا کو کنٹرول کرنے کے لیے سرکاری سطح پر کئے جانے والے اقدامات سے واقف کرایا ۔ کابینی سکریٹری نے ریاستی حکومت کے اقدامات کی ستائش کی ۔ کورونا سے ہونے والی اموات کی شرح قومی شرح سے کم ہونے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ۔ اربن ہیلت سنٹرس اور بستی دواخانوں میں کورونا ٹسٹ کرانے کے اقدامات کو سہرایا ہے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے بتایا کہ ریاست میں کورونا کیس میں بتدریج کمی آرہی ہے ۔ کورونا ٹسٹ کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے ۔ علامتیں ظاہر ہونے کے بعد اینٹجن ٹسٹ میں رپورٹ نگیٹیو برآمد ہونے پر آر ٹی پی سی آر ٹسٹ بھی کیا جارہا ہے ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں تمام بیڈس کو آکسیجن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ حکومت کی جانب سے آکسیجن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی حکمت عملی کے ذریعہ سے کام کیا جارہا ہے ۔ اضلاع میں بھی کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔۔

کورونا مریضوں کا علاج کرتے ہوئے
تلنگانہ کے 10 ڈاکٹروں نے جان گنوادی
حیدرآباد :۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ 382 شہید ڈاکٹروں کی فہرست کے مطابق تلنگانہ میں کوویڈ 19 کے باعث کم از کم 10 ڈاکٹرس فوت ہوئے ہیں ۔ کورونا کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے ان ڈاکٹروں نے اپنی جان کی قربانی دی ہے ۔ تلنگانہ میں جن ڈاکٹروں کی جان چلی گئی ان میں نظام آباد ، آرمور کے ڈاکٹر نلینی کانت ، ورنگل کے ڈاکٹر بھوما ریڈی ، ڈاکٹر جی سرینواس اور ڈاکٹر ایوب خاں ، سدی پیٹ کے ڈاکٹر شنکر راؤ ، وقار آباد کے ڈاکٹر بی راگھویندر راؤ ، سرسلہ کے ڈاکٹر پلی وٹھل اور حیدرآباد میں ڈاکٹر ہری کمار ، ڈاکٹر گیانیشور راؤ بھنڈاری اور ڈاکٹر کے وی پرساد شامل ہیں ۔ پارلیمنٹ میں پیش کردہ ڈاٹا کے مطابق تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے صرف 3 ڈاکٹروں کو پردھان منتری غریب کلیان پیاکیج برائے کوویڈ کا مقابلہ کرنے والے ہیلت ورکرس کے لیے مرکز سے صرف 50 لاکھ روپئے انشورنس موصول ہوا ہے ۔۔