بعض اضلاع کا درجہ حرارت 44 ڈگری سے تجاوز، عوام کو احتیاط کا مشورہ
حیدرآباد۔19اپریل(سیاست نیوز) ریاست میں موسم گرما کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جمعہ تک گرمی کی لہر کا سلسلہ جاری رہے گا اور درجہ حرارت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔تلنگانہ کے 9 اضلاع میں درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا ہے اورجگتیال کے ملا پور میں اعظم ترین درجہ حرارت 44.8ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جگتیال ‘ عادل آباد ‘ سوریہ پیٹ‘ ناگرکرنول ‘ ملوگو ‘ بھدادری کتہ گوڑم میں درجہ حرارت 44ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا ہے۔ شہر حیدرآباد میں اعظم ترین درجہ حرارت 41.5ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ 24تا48گھنٹے کے دوران موسم گرما کی شدت اسی طرح برقرار رہتی ہے تو ہفتہ کے دن دونوں شہروں حیدرآباداور سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں اور بارش کی صورت میں گرمی کی شدت میں کچھ حد تک کمی ریکارڈ کی جائے گی۔ ماہراطباء اور ماہرین موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ اور درجہ حرارت میں گراوٹ نہ ہونے کے سبب لو لگنے کے واقعات میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے، اسی لئے شہریوں کو شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں سے نکلنے سے اجتناب کرنا چاہئے ۔ ماہراطباء نے دھوپ کے اوقات میں شدید ترین ضرورت کے تحت نکلنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ سروں کو ڈھانک کرباہر نکلیں اور لو سے محفوظ رہنے کے لئے گردن اور سر کو یکساں طور پر چھپائے رکھیں۔ حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ موسم گرما کی مناسبت سے لباس کا استعمال کریں اور زیادہ پانی پئیں۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ 24گھنٹے کے دوران بھی بارش کے امکانات ہیں کیونکہ گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے بعد غیر موسمی بارش معمول کی بات ہے۔م