حیدرآباد۔/26 مئی، ( سیاست نیوز) نئی نسل کو گٹکھا کی لعنت سے نجات دلانے تلنگانہ حکومت نے گٹکھا اور پان مسالہ پر ایک سال کی پابندی عائد کردی جس پر 24 مئی سے عمل کا آغاز ہوچکا ہے۔ کمشنر فوڈ سیفٹی سے جاری احکام کے مطابق گٹکھا اور پان مسالہ کی تیاری، ذخیرہ، تقسیم، ٹرانسپورٹیشن اور فروخت پر امتناع عائد کیا گیا جس کی تیاری میں تمباکو اور نکوٹین کا استعمال کیا جاتا ہے۔ گٹکھا اور پان مسالہ کی تمام اقسام پر پابندی رہے گی جن میں سیاچٹ، پاوچ، پیاکیجس اور کنٹینرس شامل ہیں۔ گٹکھا اور پان مسالہ عوامی صحت کیلئے اسی طرح مضر ہے جس طرح سگریٹ نقصاندہ ہے۔ عوام کا تاثر ہے کہ گٹھا اور پان مسالہ پر صرف پابندی مسئلہ کا حل نہیں بلکہ اس کی تیاری، سربراہی اور فروخت کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ اسکولی طلباء سے لے کر نوجوانوں، ضعیف افراد بشمول خواتین کو اس لعنت سے بچایا جاسکے۔ عوامی تاثر ہے کہ پابندی ایک سال کی بجائے اسے مستقل بنایا جائے تاکہ تیار کنندگان میں خوف پیدا کیا جاسکے۔ 1