حیدرآباد 14 جنوری (سیاست نیوز) فرینڈس آف اسنیکس سوسائٹی (FOS) نے 2024 ء میں تلنگانہ میں 13,028 سانپوں کو پکڑا اور اس میں اس کے کسی والینٹر کو سانپ کاٹنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ اس سوسائٹی نے گزشتہ دہے میں 75,000 سانپوں کو بچایا اور ان کی بازآبادکاری کی اور اس میں 2015 ء میں 3,389 سانپوں کو پکڑا گیا تھا۔ سانپوں کو بچانے کے سلسلہ میں 3,389 سے 13,028 تک تقریباً چار گنا اضافہ سے معلوم ہوتا ہے کہ سانپوں کے تحفظ کے لئے بیداری میں اضافہ ہورہا ہے اور اس طرح اس سوسائٹی کی توسیعی صلاحیتوں میں۔ یہ بات ایف او ایس کے جنرل سکریٹری اویناش وشواناتھن نے کہی۔ عام اقسام : 2024 ء میں پکڑے گئے عام قسم کے سانپوں میں 6,186 ناگ سانپ (کوبراس)، 3,120 انڈین ریاٹ اسنیکس، 1386 چیکرڈ کیل بیاک، 574 رشیلس وائپر، 422 کامن برانز بیاک ٹری اسنیکس اور 112 ہندوستانی پہاڑی اژدہے تھے۔ جملہ 6,836 مہلک سانپوں میں جنہیں پکڑا گیا، ناگ سانپ اور رشیلس وائپر شامل تھے۔ اس میں 47.5% کوبرا (ناگ سانپ) تھے جبکہ انڈین ریاٹ اسنیک 24% تھے۔ مسٹر اویناش نے کہاکہ اس تنظیم کے کسی والینٹر کو سانپ کاٹنے کے کوئی واقعہ کے بغیر اتنی بڑی تعداد میں سانپوں کو پکڑنا اس کے بہتر ٹریننگ پروگرام کا مظہر ہے۔ انھوں نے سانپوں سے متعلق ان کے ریسرچ کے بارے میں بھی بتایا اور کہاکہ اس سے ملک میں سانپوں کی سرگرمیوں سے متعلق پیش قیاسی کرنے کے سلسلہ میں بطور خاص اہم ہے۔