تلنگانہ میں 6 نئے ایرپورٹ کے لیے عملی اقدامات

   

مرکزی حکومت کی اسکیم ’ اڑان ‘ کے تحت ضلع پداپلی میں اراضیات کا سروے
حیدرآباد۔ مرکزی حکومت کی اسکیم ’اڑان‘ کے تحت ریاست تلنگانہ میں 6 نئے ائیرپورٹ کے قیام کے سلسلہ میں کئے گئے فیصلہ کے بعد اب اس سلسلہ میں عملی اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور وزارت شہری ہوا بازی کے ادارہ ائیرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے اس سلسلہ میں ضلع پداپلی میں سروے کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے او رکہا جا رہاہے کہ ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے کروائے جارہے اس سروے کا سلسلہ آئندہ 15یوم تک جاری رہے گا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں 6نئے ائیرپورٹ کی تعمیر کو منظوری دیئے جانے کے بعد سے اب تک اس سلسلہ میں کوئی کاروائی نہیں کی گئی تھی لیکن گذشتہ چند ہفتوں سے ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا نے تلنگانہ میں نئے ائیرپورٹ کی تعمیرات کے سلسلہ میں سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔ گذشتہ ہفتہ ایئر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے تمام 6 ائیر پورٹس کے لئے نشاندہی کردہ اراضیات اور ان اضلاع میں سیلاب کی صورتحال اور بارش کے دوران پانی کی سطح اور بہاؤ کی تفصیلات روانہ کرنے کی ریاستی محکمہ عمارات کو شوارع کو ہدایات جاری کی تھیں اور اب پداپلی میں ائیر پورٹ کی اراضیات کی نشاندہی کے علاوہ اطراف 20تا25کیلو میٹر کے سروے کو مکمل کرنے کے اقدامات کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ 15یوم تک ائیر پورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے اس سروے کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس دوران سروے کنندگان کی ٹیم پدا پلی میں ہی موجود رہے گی۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں 6 نئے ائیرپورٹ کی تعمیر کو قطعیت دیئے جانے کے بعد سے اراضیات کی حوالگی اور دیگر امور کی تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت بھی اس منصوبہ پر جلد عمل آوری کے حق میں ہے تاکہ نئے ائیرپورٹس کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرتے ہوئے پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جائے۔