تلنگانہ میں SIR ، 25 جون تا 24 جولائی گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں کی جانچ

   

31 جولائی کو مسودہ کی اجرائی،28ستمبر تک دعوؤں اور اعتراضات کی یکسوئی ،یکم اکٹوبر قطعی فہرست جاری ہوگی،تلنگانہ میں 3.39 کروڑ رائے دہندے

حیدرآباد 14 مئی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے بشمول 16 ریاستوں اور 3 مرکزی زیرانتظام علاقوں میں تیسرے مرحلہ کے تحت فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم SIR کا اعلان کیا ہے جس پر 30 مئی سے مرحلہ وار عمل آوری ہوگی۔ تیسرے مرحلہ کے تحت الیکشن کمیشن ملک کی تمام ریاستوں میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا عمل مکمل کرلے گا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ دہلی، اڈیشہ، میزورم، سکم، منی پور، اتراکھنڈ، آندھراپردیش، اروناچل پردیش، ہریانہ، چندی گڑھ، پنجاب، کرناٹک، میگھالیہ، مہاراشٹرا، جھارکھنڈ، ناگالینڈ، تریپورہ، دادر اور نگر حویلی اور دمن اینڈ ڈیو میں مختلف مراحل میں ایس آئی آر مہم چلائی جائے گی۔ تلنگانہ میں ایس آئی آر مہم کے شیڈول کی اجرائی کے وقت الیکشن کمیشن نے 12 مئی 2026ء تک رائے دہندوں کی تعداد 33920705 درج کی ہے۔ تلنگانہ میں بوتھ لیول آفیسرس (BLO) 25 جون تا 24 جولائی گھر گھر پہونچ کر رائے دہندوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کریں گے۔ 24 جولائی تک پولنگ اسٹیشنوں کے تحت رائے دہندوں کی تعداد کے تعین کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ 31 جولائی کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا۔ 31 جولائی تا 30 اگست دعوے اور اعتراضات داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 28 ستمبر تک دعوؤں اور اعتراضات کی یکسوئی کردی جائے گی اور یکم اکٹوبر 2026ء کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بوتھ لیول ایجنٹس کا تقرر کریں تاکہ ہر پولنگ اسٹیشن کی سطح پر خصوصی نظرثانی مہم میں سیاسی پارٹیوں کی مکمل شمولیت کو یقینی بنایا جاسکے اور اِس مہم کو مکمل شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے۔ اِسی دوران چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے خصوصی نظرثانی مہم کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ کو چھوڑ کر تیسرے مرحلہ میں ملک کی تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں ایس آئی آر مہم مکمل کرلی جائے گی۔ ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ میں موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے ایس آئی آر مہم کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔ مہم کے تیسرے مرحلہ میں 3.94 لاکھ بوتھ لیول آفیسرس گھر گھر پہونچ کر 36.73 کروڑ رائے دہندوں کی جانچ کریں گے۔ اُنھیں 3.42 لاکھ بوتھ لیول ایجنٹس کا تعاون حاصل رہے گا جنھیں سیاسی پارٹیوں کی جانب سے مقرر کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ایس آئی آر کے ابتدائی 2 مراحل میں تقریباً 59 کروڑ رائے دہندوں کا احاطہ کیا گیا اور اس مہم میں 6.3 لاکھ بوتھ لیول آفیسرس اور 9.2 لاکھ بوتھ لیول ایجنٹس نے حصہ لیا تھا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے شیڈول کے مطابق تلنگانہ میں 15 تا 24 جون بوتھ لیول آفیسرس کے لئے ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں بوتھ لیول آفیسرس کی تعداد 35985 رہے گی جبکہ بوتھ لیول ایجنٹس 25886 رہیں گے۔ 3.39 کروڑ رائے دہندوں کے ناموں کی جانچ کرتے ہوئے نئی فہرست رائے دہندگان تیار کی جائے گی۔ آندھراپردیش میں بی ایل اوز کی جانب سے گھر گھر مہم 15 جون تا 14 جولائی چلائی جائے گی۔ پولنگ اسٹیشنوں کے تحت رائے دہندوں کی جانچ کا کام 14 جولائی تک مکمل کرلیا جائے گا اور 21 جولائی کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا۔ اعتراضات اور دعوے 21 جولائی تا 20 اگست داخل کئے جاسکتے ہیں جن کی یکسوئی 21 جولائی تا 18 ستمبرتک کی جائے گی۔ آندھراپردیش کی قطعی فہرست رائے دہندگان 22 ستمبر کو جاری ہوگی۔ آندھراپردیش میں جملہ رائے دہندے 4 کروڑ 16 لاکھ 16 ہزار 61 ہیں اور نظرثانی مہم میں 46397 بوتھ لیول آفیسرس اور 68868 بوتھ لیول ایجنٹس حصہ لیں گے۔V/1